نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈگ بریسویل کاتمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 35 سالہ ڈگ بریسویل نے 2008 کے اواخر میں سنٹرل ڈسٹرکٹس کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا، اس سے قبل وہ انڈر 19 سطح پر نیوزی لینڈ کی نمائندگی بھی کر چکے تھے۔
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر ڈگ بریسویل نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کا 18 سالہ پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔
اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 35 سالہ ڈگ بریسویل نے 2008 کے اواخر میں سنٹرل ڈسٹرکٹس کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا، اس سے قبل وہ انڈر 19 سطح پر نیوزی لینڈ کی نمائندگی بھی کر چکے تھے۔
انہوں نے 2011 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کی۔2011 سے 2023 کے دوران ڈگ بریسویل نے نیوزی لینڈ کے لیے 28 ٹیسٹ، 21 ون ڈے اور 20 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
ان کے کیریئر کی یادگار کارکردگی آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ ٹیسٹ میں سامنے آئی، جہاں اپنے تیسرے ہی ٹیسٹ میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا اور نیوزی لینڈ نے 7رنز سے تاریخی فتح حاصل کی۔
طویل عرصے سے پسلی کی انجری نے ڈگ بریسویل کو موجودہ ڈومیسٹک سیزن سے باہر رکھا، جو ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی ایک بڑی وجہ بنی۔ریٹائرمنٹ کے اعلان پر ڈگ بریسویل نے کہا کہ کرکٹ ان کی زندگی کا ایک قابلِ فخر حصہ رہی ہے اور بطور نوجوان کرکٹر وہ اپنے ملک کی نمائندگی کا خواب دیکھتے تھے۔
انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں طویل عرصے تک کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا، جو ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔