کھیل

نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیت لی

پلیئر آف دی میاچ مچل سینٹنر کی شاندار بولنگ کی مدد سے نیوزی لینڈ نے پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو 113 رن سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز میں دو۔صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

پونے: پلیئر آف دی میاچ مچل سینٹنر کی شاندار بولنگ کی مدد سے نیوزی لینڈ نے پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو 113 رن سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز میں دو۔صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

متعلقہ خبریں
پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف 19 برس بعد تاریخی جیت
چمپئنز ٹرافی۔2025: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہندوستانی بورڈ کو خصوصی تجویز
نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی 21 رن سے جیت لیا
پاکستان نے 3 سال بعد ٹسٹ سیریز جیت لی
ہندوستان کے پہلے فوجی طیارہ ساز یونٹ کا افتتاح

نیوزی لینڈ نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر ٹسٹ سیریز میں شکست دی۔ ہندوستان کو جیت کیلئے 358 رنوں کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 255 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم ایک موقع پر 96/2 کے ساتھ بہتر موقف میں تھی تاہم شبھمان گل کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم انڈیا کی تباہی کا آغاز ہوگیا۔ کپتان روہت شرما ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف 8 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جیسوال اور گل نے دوسری وکٹ کیلئے 62 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ امید پیدا کی تاہم گل کے آؤٹ ہوتے ہی نیوزی لینڈ کے بولرس میزبان بلے بازوں پر حاوی ہوگئے۔

گل نے 4 چوکوں کی مدد سے 23 رن بنائے جبکہ جیسوال 65 گیندوں میں 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سابق کپتان ویراٹ کوہلی 17‘ ریشبھ پنت صفر‘ واشنگٹن سندر 21‘ سرفراز خان 9‘ رویندر جڈیجہ 42 اور روی چندرن اشون 18 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جسپریت بمراہ 10 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپن گیندباز مچل سینٹنر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 جبکہ اعجاز پٹیل نے 2 اور گلن فلپس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مچل سینٹر نے پہلی اننگز میں بھی 7 وکٹ حاصل کئے تھے۔ اس طرح انہوں نے میاچ میں جملہ 13 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس پر انہیں پلیئر آف دی میاچ قرار دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم 12 سال بعد گھر پر ٹسٹ سیریز ہاری ہے۔ اس کے علاوہ ہوم سرزمین پر لگاتار 17 ٹسٹ سیریز جیتنے کے بعد جیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ آخری بار ٹیم انڈیا کو 2012-13 میں انگلینڈ کے ہاتھوں چار میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست ہوئی تھی۔

پہلا ٹسٹ جیت کر نیوزی لینڈ نے 36 سال بعد ہندوستان میں کوئی ٹسٹ میچ جیتا تھا۔ اب اس نے پہلی بار ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیتی ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ 1955 میں کھیلا گیا تھا اور دونوں ممالک کی 69 سالہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نیوزی لینڈ نے ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیتی۔

سیریز کا تیسرا ٹسٹ یکم نومبر سے کھیلا جائے گا۔ مختصر اسکور۔ نیوزی لینڈ پہلی اننگز 259 آل آؤٹ۔ ہندوستان پہلی اننگز 156 آل آؤٹ۔ نیوزی لینڈ دوسری اننگز 255 آل آؤٹ۔ ہندوستان دوسری اننگز 245 آل آؤٹ۔

Photo Source: @Kiwiscricketfan