شیخ حسینہ براہ ہندوستان لندن روانہ ہونے کی خبریں
بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ جو حکومت کے خلاف پرزور احتجاج کے بعد جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی پیر کے دن مستعفی ہوگئیں۔ وہ براہ ہندوستان، لندن جارہی ہیں۔
نئی دہلی: بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ جو حکومت کے خلاف پرزور احتجاج کے بعد جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی پیر کے دن مستعفی ہوگئیں۔ وہ براہ ہندوستان، لندن جارہی ہیں۔ کئی سفارتی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پتہ چلا ہے کہ وہ بنگلہ دیش ایرفورس کے ایک ٹرانسپورٹ طیارہ میں سفر کررہی ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ انہیں ہندوستان سے آگے لے جائے گا یا وہ دوسرے طیارہ سے لندن کا سفر کریں گی۔ ہندوستان نے ڈھاکہ کی درخواست پر شیخ حسینہ کے طیارہ کو ہندوستانی ایراسپیس سے گذرنے دینے کا فیصلہ کیا۔ حکومت ہند کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی دہلی نے ڈھاکہ میں تیزی سے بدلنے والی صورتحال پر قریبی نظر رکھی ہے۔
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے حالات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے فوجی سربراہ جنرل وقار الزماں نے کہا کہ شیخ حسینہ مستعفی ہوچکی ہیں اور ایک عبوری حکومت ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے۔ انہوں نے ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ میں ملک کی ساری ذمہ داریاں سنبھال رہا ہوں۔ برائے مہربانی میرا تعاون کریں۔
فوجی سربراہ نے کہا کہ وہ سیاسی قائدین سے ملاقات کرچکے ہیں اور انہیں بتاچکے ہیں کہ فوج نظم و ضبط کی ذمہ داری سنبھال لے گی۔ سفارتی ذرائع کے بموجب شیخ حسینہ نے لندن جاتے ہوئے غازی آباد کے قریب ہینڈن ایربیس میں لینڈنگ کی۔ وہ بنگلہ دیش ایرفورس کے فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ C-130Jمیں ہندوستان پہونچیں۔
امکان ہے کہ وہ دہلی میں رہنے والی اپنی بیٹی صائمہ واجد سے ملاقات کریں گی جو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ریجنل ڈائرکٹر فار ساؤتھ ایسٹ ایشیاء ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب سینکڑوں مظاہرین ڈھاکہ میں وزیراعظم کی سرکاری قیام گاہ میں گھس پڑے۔ شیخ حسینہ محفوظ مقام کے لئے روانہ ہوگئیں۔
بنگلہ دیش کے فوجی سربراہ نے کہا کہ وہ صدر محمد شہاب الدین سے بہت جلد ملاقات کریں گے۔