کھیل

ہاردک: کبھی گاؤں میں کھیل کر 400 روپے کماتے تھے

آل راونڈر ہاردیک پانڈیا کو ہندوستانی ٹیم کا مستقبل کا کپتان قرار دیاجا رہاہے۔ پانڈیا کا شمار کبھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بگڑے ہوئے لڑکوں میں ہوتا تھا۔

ممبئی: آل راونڈر ہاردیک پانڈیا کو ہندوستانی ٹیم کا مستقبل کا کپتان قرار دیاجا رہاہے۔ پانڈیا کا شمار کبھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بگڑے ہوئے لڑکوں میں ہوتا تھا۔

ایک شو کی وجہ سے انہیں آسٹریلیا کے دورہ کے درمیان ہی ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ وہ لوگ جو اپنے آپ کو بہت اظہار خیال کرتے ہیں اور شروع سے ہی اپنے جذبات کو چھپانا نہیں جانتے۔

ہاردک کو بھی ان کے رویے کی وجہ سے انڈر 13 سے انڈر 17 اور جونیئر اسٹیٹ ٹیم میں ڈراپ کردیا گیاتھا۔ لیکن اس سب کے بعد انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلے آئی پی ایل میں فاتح بنایا اور اب ایشیا کپ کے ہند۔ پاک میچ میں میچ جیتنے والی اننگز کا کھیل موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

مالی طورپر کمزور گھر سے آنے والے ہاردک اپنے ابتدائی دنوں میں گجرات کے دیہاتوں میں مقامی ٹورنامنٹس میں کھیلا کرتے تھے۔ دیہاتوں کے درمیان ہونے والے ان ٹورنامنٹس کا کوئی نام نہیں تھا۔ وہ جھمبوزہ الیون جیسی ٹیم کیلئے کھیلتے تھے۔ انہیں ایک ہفتہ کھیلنے کے 400 روپے ملتے تھے اور میچ کے مقام تک پہنچنے کیلئے کسی بھی ٹرک کے اوپر بیٹھ جاتے تھے۔

میچ کے بعد بھوک لگتی تو میگی کھاکر پیٹ بھرتے۔ آج ہاردک ٹیم انڈیا کے راک اسٹار کھلاڑی ہیں۔ وہ ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے بعد تیسرے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے ہندوستانی کرکٹر ہیں۔ ان کے پاس لگژری کاروں کا بڑا ذخیرہ ہے۔ ان کے کار کلیکشن میں 4 کروڑ کی لیمبورگینی سے لیکر 6.15 کروڑ کی رولس رائس جیسی کاریں شامل ہیں۔ ہاردک پانڈیا کی پیدائش گجرات میں ہمانشو اور نلنی پانڈیا کے ہاں ہوئی۔

والد ہمانشو پانڈیا چھوٹے کار فینانس کا کاروبار کرتے تھے۔ ہاردک پانڈیا کو شروع سے ہی کرکٹ کا جنون تھا۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب وہ بڑودہ کی مور کرکٹ اکیڈمی میں داخل ہوئے تو اس وقت ان کی عمر صرف 5 سال تھی۔

اکیڈمی میں 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو داخلہ نہیں دیا جاتا تھا لیکن ہاردک پانڈیا کے کھیل کو دیکھ کر اکیڈمی کو اپنے اصول بدلنے پڑے۔ اب ہاردک پانڈیا کے پاس دو مکانات ہیں ایک بڑودہ میں پرتعیش پینٹ ہاؤس اور باندرہ ممبئی میں ایک اپارٹمنٹ ہے جسے کرایہ پر دیا گیا ہے۔ بڑودہ پینٹ ہاؤس 6000 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں بہت سی جدید سہولیات ہیں جیسے جم اور نجی تھیٹر۔ یہاں پانڈیا اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔

جس میں ان کی ماں، بیوی نتاشا، بیٹا آگستیہ، بھائی کرونال اور بھابی پنکھوری شامل ہیں۔ دوسری طرف باندرہ میں 8 بی ایچ کے اپارٹمنٹ 3,838 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ رستم جی پیراماؤنٹ ٹاورز میں واقع اس پراپرٹی کی قیمت تقریباً 30 کروڑ روپے ہے لیکن اسے پانڈیا برادران نے کرائے پر دیا ہے۔ کبھی لفٹ مانگ کر میچ کے مقام پر پہنچنے والے ہاردک پانڈیا کو آج لگژری گاڑیوں کا شوق ہے۔ ان کی کاروں کا مجموعہ 4 کروڑ روپے کی لیمبورگینی سے لیکر 6.15 کروڑ روپے کی رولس رائس تک ہے۔

اوڈی، رینج روور، مرسڈیز جیسی لگژری گاڑیاں بھی اپنی پارکنگ کی زینت بن رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آج ان کی کار کلیکشن کی مالیت تقریباً 15.50 کروڑ روپے ہے۔ ابتدائی دور میں جب دونوں بھائی دوسرے گاؤں میں میچ کھیلتے تھے تو پیٹ بھرنے کیلئے میگی کا سہارا لیتے تھے۔ پیسوں کی کمی کی وجہ سے دونوں نے بہت زیادہ میگی کھائی اور آج بھی دونوں کو میگی کھانا پسند ہے۔ اسی لیے ان کے آس پاس موجود لوگ ہاردک اور ان کے بڑے بھائی کرونال کو بھی ’میگی برادرز‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔

ویراٹ کوہلی کی طرح ہاردک بھی ٹیٹو کے شوقین ہیں۔ انہوں نے بیٹے اگستیا کی تاریخ پیدائش والا ٹیٹو بھی بنوایا ہے جس میں ایک شخص کو بچے کا ہاتھ پکڑے بھی دکھایا گیا ہے۔ ہاردک کو ان کے ٹیٹو سے محبت، ویسٹ انڈین کردار اور رویے کی وجہ سے ’ویسٹ انڈین آف بڑودہ‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ ہاردک جب 2014 میں پہلی بار آئی پی ایل کی نیلامی میں گئے تو انہیں کسی نے نہیں خریدا۔ پھر ایک سال بعد 2015 میں ممبئی انڈینز کے ذریعہ خریدے جانے کے بعد آل راؤنڈر پانڈیا نے مکیش امبانی کی زیرقیادت فرنچائز کیلئے 7 سیزن کھیلے۔

انہیں پہلے تین سیزن میں سے ہر ایک کیلئے 10 لاکھ روپے اور اگلے چار سیزن میں سے ہر ایک کیلئے 11 کروڑ روپے دیے گئے۔ آئی پی ایل 2022 کیلئے پانڈیا کو گجرات ٹائٹنز نے 15 کروڑ روپے میں لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ہاردیک پانڈیا نے 8 سیزن میں آئی پی ایل سے جملہ 59 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے 2020 کے اوائل میں اپنی منگنی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ یکم جنوری 2020 کو ہاردک پانڈیا نے اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ کے ساتھ اپنی اچانک منگنی سے سب کو حیران کردیا۔ ہاردک نے نتاشا کو دبئی میں کروز پر گھٹنوں کے بل پرپوز کیا۔

کچھ مہینوں کے بعد یعنی 31 مئی 2020 کو جوڑے نے بتایا تھا کہ دونوں نے شادی کرلی ہے۔ اس کے بعد 30 جولائی 2020 کو نتاشا نے ایک بیٹے کو جنم دیا جس کا نام اس جوڑے نے اگستیہ رکھا ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف فاتحانہ اننگز کھیلنے والے پانڈیا کی برانڈ ویلیو میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کیخلاف میچ کے بعد ان کی برانڈ ویلیو میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 28 سالہ ہاردک اس وقت 8-10 برانڈز کی تشہیر کرتے ہیں جس میں آنے والے دنوں میں اضافہ کی توقع ہے۔