نتیش کمار نے بے ہودہ زبان استعمال کی: اویسی
اویسی نے چہارشنبہ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی جانب سے استعما ل کردہ زبان اور ان کے اشارے نامناسب ہیں۔
حیدرآباد: مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے ریاستی اسمبلی میں آبادی پر قابو پانے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے نامناسب زبان استعمال کی۔ نتیش کمار کی جانب سے استعمال کردہ زبان پر شدید ردعمل کاا ظہار کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر بہار سے اپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اویسی نے چہارشنبہ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی جانب سے استعما ل کردہ زبان اور ان کے اشارے نامناسب ہیں۔ کمار، ریاست کے ایک چیف منسٹر ہیں اور انہوں نے جس قسم کی زبان استعمال کی ہے۔ وہ بے ہودہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اسمبلی کو مقدس مقام کا رتبہ حاصل ہے۔ چیف منسٹر کو یہ سمجھنا چاہئے تھا کہ وہ اس میں اظہار خیال کررہے ہیں۔ نہ کہ سینما گھر میں جہاں بڑے لوگوں کی فلم کی نمائش جاری تھی۔
اویسی نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار اگر خواتین میں شعور بیدار کرنا چاہتے تھے تو انہیں یہ کہنا چاہئے تھا کہ خواتین خود فیصلہ کریں کہ انہیں کب ماں بننا ہے۔ اسد الدین اویسی نے نتیش کمار سے پوچھا کہ وہ اس کے ذریعہ ایسے مردوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں جو خواتین پر ظلم وزیادتی کرتے ہیں۔