حیدرآباد

تلنگانہ اسمبلی کا آخری سیشن طوفانی رہنے کا امکان

تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا جس کی میعاد 2023 کو ختم ہورہی ہے، آخری سیشن جمعرات 3/ اگست سے شروع ہوگا جبکہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کا آغاز بھی کل، جمعرات سے ہی ہوگا۔

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا جس کی میعاد 2023 کو ختم ہورہی ہے، آخری سیشن جمعرات 3/ اگست سے شروع ہوگا جبکہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کا آغاز بھی کل، جمعرات سے ہی ہوگا۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرس کے تقررات، اعلامیہ جاری۔اہل افراد سے درخواستیں مطلوب
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا جولائی سے آغاز

ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل مقننہ کا یہ آخری سیشن رہے گا۔ توقع ہے کہ یہ سیشن طوفانی رہے گا۔ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے اس سیشن میں کئی مسائل کو زیر بحث لانے کی کوشش کی جائے گی۔

ان اہم مسائل میں حالیہ شدید بارش اور سیلاب، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے پرچہ سوالات کے افشاء، اور بی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل شامل ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے ان اہم مسائل کو اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ اسمبلی سیشن کے دورانیہ کا فیصلہ بی اے سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ سیشن کے دوران بی آر ایس حکومت، فلاحی اسکیمات کو اجاگر کرے گی اور ریاست کے تئیں مرکز کے عدم تعاون کے رویہ کو بھی اجاگر کرے گی۔

بی آر ایس کے کارگزار صدر تارک راما راؤ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے ترقیاتی کاموں اور فیصلوں کو بڑے پیمانے پر عوام کے سامنے پیش کریں۔

ان میں وی آر ایز کی خدمات کو باقاعدہ بنانا، حیدرآباد میٹرو ریل کی توسیع، آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنا اور دیگر شامل ہیں۔

کانگریس اور بی جے پی، توقع ہے کہ انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کے بشمول ڈبل بیڈروم مکانات، بیروزگاری، بیروزگار نوجوانوں کو الاونس کی عدم اجرائی، کسانوں کے قرض کی عدم معافی، کے ساتھ بارش، ریلیف ورکس پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کریں گے۔ حکومت نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ وہ چند بلز کو دوبارہ ایوان میں پیش کرے گی جنہیں گورنر نے واپس بھیج دیا ہے۔