پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا جولائی سے آغاز
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا۔ وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا۔ وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے خواہش کی کہ وہ اجلاس میں ثمرآور بحث میں تعاون کریں۔ اجلاس کے ہنگامی ہونے کی توقع ہے۔
اپوزیشن جماعتیں آئندہ سال کے لوک سبھا الیکشن کے مدنظر نریندر مودی حکومت کو گھیرنے متحد ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ اجلاس ایسے وقت منعقد ہورہا ہے جب وزیراعظم نریندر مودی نے یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) کی پرزور وکالت کی ہے۔
توقع ہے کہ مانسون اجلاس پارلیمنٹ کی پرانی عمارت میں شروع ہوگا اور بعدازاں نئی عمارت میں منتقل ہوگا۔ نئی عمارت کا افتتاح مودی نے 28 مئی کو کیا تھا۔ پرہلاد جوشی نے ٹویٹ کیا کہ مانسون سیشن 2023 آف پارلیمنٹ 20جولائی سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا۔
تمام سیاسی جماعتوں سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ ثمرآور بحث کے لئے آگے آئیں۔ اجلاس 23 دن جاری رہے گا اور 17 بیٹھکیں ہوں گی۔ آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس نے امید ظاہر کی کہ حکومت تمام مسائل بشمول اُن مسائل پر بھی بحث ہونے دے گی جن پر وزیراعظم نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ٹویٹر پر کہا کہ ہم پرہلاد جوشی سے امید کرتے ہیں کہ حکومت عوام سے جڑے تمام مسائل پر بحث کرائے گی جنہیں اپوزیشن مسلسل اٹھارہی ہے۔
جئے رام رمیش کے ریمارکس سے اشارہ ملتا ہے کہ کانگریس مانسون اجلاس میں منی پور تشدد کے بشمول کئی مسائل اٹھانے والی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں مختلف مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کررہی ہیں۔ جاریہ سال بجٹ اجلاس میں کئی مرتبہ خلل پڑا تھا۔