انجمن جامع مسجد گروگرام کے نائب پیش امام حافظ سعد کی تدفین
ان کی آخری رسومات سے پہلے گاؤں کے لوگوں نے انصاف کے لئے نعرے لگائے۔ حافظ سعد کے غمزدہ باپ نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے پوچھا کہ میرے بچے کا کیا قصور تھا جو اسے ہلاک کردیا گیا؟
سیتامڑھی: گروگرام میں اشرار کے ہاتھوں جاں بحق انجمن جامع مسجد کے نائب پیش امام مولانا حافظ سعد کو سپرد لحد کردیا گیا۔ ان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میں کی گئی۔ نم آنکھوں کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بہار سے تعلق رکھنے والے شہید حافظ سعد کی آج بہار میں سیتامڑھی ضلع کے منیادیہہ گاؤں میں بعد نماز ظہر نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ حافظ سعد کی آبائی گاؤں میں ہی تدفین عمل میں آئی۔
پٹنہ و دیگر مقامات سے بڑی تعداد میں علمائے کرام نماز جنازہ و تدفین میں شریک ہوئے اور شہید کے خاندان کو پرسہ دیا۔
شبلی القاسمی کی قیادت میں امارت شرعیہ کے ایک وفد نے بھی اہل خانہ سے تعزیت کی اور وفد کے ارکان نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ وفد میں مفتی ثنا اللہ قاسمی بھی موجود تھے۔ انہوں نے بہار حکومت سے مناسب معاوصہ کا بھی مطالبہ کیا۔
ان کی آخری رسومات سے پہلے گاؤں کے لوگوں نے انصاف کے لئے نعرے لگائے۔ حافظ سعد کے غمزدہ باپ نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے پوچھا کہ میرے بچے کا کیا قصور تھا جو اسے ہلاک کردیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گاؤں آنے والا تھا اور ہم اسے لینے مظفر پور ریلوے اسٹیشن جانے والے تھے۔ تاہم اب ہم ایمبولینس کا انتظار کررہے ہیں جس میں میرے بچے کی لاش گھر آنے والی ہے۔