شمالی بھارت
ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں
اترپردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے دو پہیہ گاڑیوں کے حادثات اور ہلاکتوں کی روک تھام کی کوشش میں ریاست کے شہروں میں ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں کی سخت پالیسی تجویز کی ہے۔
لکھنؤ: اترپردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے دو پہیہ گاڑیوں کے حادثات اور ہلاکتوں کی روک تھام کی کوشش میں ریاست کے شہروں میں ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں کی سخت پالیسی تجویز کی ہے۔
کمشنر ٹرانسپورٹ برجیش نارائن سنگھ نے 8جنوری کو فیول اسٹیشن آپریٹرس کو لکھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے ٹو وہیلرس رائیڈرس کو پٹرول نہ دیا جائے۔ یہ مکتوب ریاست کے تمام 75 اضلاع کے کلکٹرس کو بھیجا گیا۔
اِس کی کاپی ڈیویژنل کمشنرس کو بھیجی گئی۔ مکتوب میں اعداد و شمار کے حوالہ سے کہا گیا کہ دو پہیہ حادثات میں مرنے والوں کی بڑی تعداد ہیلمٹ نہ لگانے والوں کی ہے۔
چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے جاریہ ماہ روڈ سیفٹی ریویو میٹنگ میں کہا تھا کہ ریاست میں سڑک حادثات میں سالانہ 25 ہزار تا26 ہزار جانیں جاتی ہیں۔ مرنے والوں کی اکثریت دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کی ہوتی ہے، جو ہیلمٹ نہیں لگاتے۔