چیف منسٹر کی سازشوں سے خوف زدہ نہیں: کے ٹی آر
کے ٹی آر نے چہارشنبہ کے روز الزام عائد کیا تھا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنے داماد کی دواساز کمپنی کیلئے کسانوں سے زبردستی اراضیات چھین رہے ہیں۔ بی آر ایس قائد اپنی گرفتاری کی رپورٹس پر شدید ردعمل کااظہار کررہے تھے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی شازشوں سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو چالینج کیا کہ ان میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دکھائیں، مجھے گرفتار کریں! تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ کھڑا رہتے ہوئے اپنا سینہ تان کر وہ جیل میں جانا پسند کریں گے۔
سوشل میڈیا کے پلاٹ فام ”ایکس“ پر پوسٹ کرتے ہوئے کے ٹی راما راو، ضلع وقار آباد کے کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر 11نومبر کو کئے گئے حملہ سے مربوط کیس میں بظاہر ان کی گرفتاری پر ردعمل کااظہار کررہے تھے۔ بی آر ایس کے سابق ایم ایل اے پٹنم نریندر ریڈی جنہیں اس کیس میں چہارشنبہ کے روز پولیس نے گرفتار کرلیا گیا تھا، نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ کے ٹی آر اور بی آر ایس کے دیگر سینئر قائدین نے حملہ کی ہدایت دی تھی۔
کے ٹی آر کی کسی بھی وقت گرفتاری کے اشاروں کے درمیان بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد، کل شب راما راؤ کے مکان پر اکھٹا ہوگئی۔
ضلع وقار آباد کے لگا چرلہ گاؤں میں عوامی سماعت پروگرام کے دوران ہجوم نے عہدیداروں پر حملہ کردیا تھا۔ یہ ہجوم، حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں مجوزہ فارما ولیج کے قیام کیلئے زرعی اراضیات کے حصول کی مساعی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
کے ٹی آر نے چہارشنبہ کے روز الزام عائد کیا تھا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنے داماد کی دواساز کمپنی کیلئے کسانوں سے زبردستی اراضیات چھین رہے ہیں۔ بی آر ایس قائد اپنی گرفتاری کی رپورٹس پر شدید ردعمل کااظہار کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی! ایک ایسے شخص ہیں جو50لاکھ روپے رشوت دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جاچکے ہیں۔ ریڈی کو ہر چیز سازش دکھائی دیتی ہے۔
آپ کے داماد کی فارما کمپنی کے خلاف کسانوں کا احتجاج سازش ہوگی!، آپ کے بھائی کی دھمکیوں سے کسانوں کا مرعوب نہ ہونا بھی سازش ہے! فون پر دونوں افراد کا بات کرنا بھی سازش ہے!، سوشل میڈیا پر لوگوں کا اپنی پریشانیاں پوسٹ کرنا بھی سازش ہے! غریب قبائیلی کسانوں کا ساتھ دینا بھی سازش ہے!۔
کے ٹی آر نے اپنے پوسٹ میں یہ بات کہی۔ آپ کے چیف منسٹر بننے کے بعد9 ماہ تک انتظار کرنے اور، آپ کی دھمکیوں کا سامنا کرنے کے بعد بغاوت کرنا بھی سازش ہے۔؟ نصف شب کے وقت دھاوے کرتے ہوئے غریب کسان کے افراد خاندان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرنا اور انہیں ہراساں کرنے پر اگر میں سوال کرتا ہوں تو یقینا یہ بھی سازش ہوگی۔
اس لئے آپ (ریونت ریڈی) خوف کے سائے میں زندہ رہتے ہیں۔ آپ اپنی زندگی کا ہر لمحہ، ہر سانس بھی خوف کے عالم میں لیتے ہیں۔ کے ٹی آر نے یہ بات کہی۔ وقار آباد واقعہ میں پولیس نے اب تک 20 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان میں بی آر ایس کے سابق ایم ایل اے نریندر ریڈی بھی شامل ہیں۔