تعلیم و روزگارتلنگانہ

نرمل: اندرا کرن ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی کے ہاتھوں سائنس فیئر کا افتتاح

ریاستی وزیرتعلیم پی سبیتااندرا ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کی دلی خواہش ہے کہ ریاست کے طلباء دنیا کے ہرمقام پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ریاست اور ملک کا نام روشن کریں۔

نرمل: نرمل ضلع مستقر پر ریاستی سطح کے سائنس فیئر کا شاندار پیمانے پر آغاز عمل میں آیا۔  

متعلقہ خبریں
نرمل میں تلنگانہ یوم تعلیم کا شاندار انعقاد، پانچ اردو اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

سینٹ تھامس ہائی اسکول میں منعقدہ سائنس فیئر کا ریاستی وزیر جنگلات، سائنس اینڈ ٹکنالوجی، انڈومنٹ اور قانون اے اندرا کرن ریڈی نے ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ مل کر شمع روشن کرتے ہوئے افتتاح انجام دیا۔

انہوں نے سائنس فیئر میں نمائش کردہ ماڈلس سے متعلق طلباء اور گائیڈ ٹیچرس سے تفصیلات حاصل کی۔

سائنس فیئر سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیرتعلیم سبیتااندرا ریڈی نے ریاستی سطح کے ایگزبیشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو مبارکباد دی اور قومی سطح کے سائنس فیئر اور انسپائر ایوارڈس مقابلوں میں کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ دنیا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے اور اس سائنسی دور میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے پر ہی سماج ترقی کرے گا۔

انھوں نے مزید کہاکہ طلباء کی تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے تو وہ غیرمعمولی کارنامے انجام دیں گے۔ وزیر نے کہاکہ کرونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال سائنس فیئر آف لائن منعقد نہیں کیا گیا تھا اور اب دوسال بعد آف لائن پروگرام کے انعقاد پر خوشی ومسرت کا اظہار کیا۔

دوسال قبل جاپان اور کمبوڈیا میں حصہ لیکر عالمی سطح پر تلنگانہ کا نام روشن کرنے والے طلباء کی خوب سراہانہ کی اور انھیں مبارکباد دی اور کہاکہ تلنگانہ نہ صرف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلکہ تمام شعبہ جات میں آگے ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی کے سی آر ہمیشہ ہمیں شعبہ تعلیم میں ضروری اصلاحات لانے پر زور دیتے ہیں۔ اس سے قبل ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی نے نرمل میں سائنس فیئر کے انعقاد کی منظوری دینے پر اظہار تشکر کیا اور اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لئے نرمل  ضلع کلکٹر اور نرمل ڈی ای او کو مبارکباد دی۔

انھوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم شروع کرنے کے علاوہ مناورو بڈی پروگرام کے تحت اسکولوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کروا رہی ہے اور کہاکہ تین سال میں تمام اسکولوں کو ترقی دی جائے گی۔

اس سے قبل ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن سری دیواسینا نے خطاب کرتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان میں سائنس دانوں کی کمی نہیں ہے اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور سائنسی سونچ کو اجاگر کرنے کی خواہش کی۔ 

 اس موقع پر طلباء کی جانب سے پیش کردہ ثقافتی پروگراموں نے سبھی کو محظوظ کیا۔ اس ایگزیبیشن میں 33 اضلاع میں 516 طلباء اور 280 انسپائر فاتح امیدواروں  نے بشمول گائیڈ ٹیچرس نے شرکت کی۔

اس موقع پر زیڈ پی چیئرپرسن نے وجئے لکشمی رام کشن ریڈی، اراکین اسمبلی وٹھل ریڈی، ریکھا شام نائک، کلکٹر مشرف فاروقی، ایڈیشنل کلکٹرس ہیمنت بورکھڑے، رام بابو اور نرمل ڈی ای او رویندر ریڈی اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔