شمال مغربی ترکی میں 6.1 شدت کے زلزلے سے ایک شخص کی موت، 29 زخمی
ترکی کے شمال مغربی صوبے بالی کیسیر میں اتوار کے روز 6.1 شدت کے زلزلے کے دوران ایک شخص کی موت اور 29 دیگر زخمی ہو گئے، اس بات کی تصدیق وزیر داخلہ علی یرلیکایا نےکی۔

استنبول: ترکی کے شمال مغربی صوبے بالی کیسیر میں اتوار کے روز 6.1 شدت کے زلزلے کے دوران ایک شخص کی موت اور 29 دیگر زخمی ہو گئے، اس بات کی تصدیق وزیر داخلہ علی یرلیکایا نےکی۔
بالی کیسیر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر داخلہ یرلیکایا نے تصدیق کی کہ زلزلے میں ’’81 سالہ بزرگ کا انتقال ہوگیا۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے اور یہ بھی بتایا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں اب مکمل ہو چکی ہیں۔
مسٹر یرلیکایا نے یہ اطلاع بھی دی کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں کل 16 عمارتیں منہدم ہوئیں، جن میں سے 12 عمارتیں خالی پڑی تھیں۔
زلزلہ شام 7 بج کر 53 منٹ پر (مقامی وقت کے مطابق) آیا، جس نے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔
مقامی افراد کو کھلے میدانوں میں جمع ہوتے دیکھا گیا جبکہ افسران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ عمارتوں سے دور رہیں۔