مسعود ٹیسٹ ٹیم اور شاہین ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مقرر
بابراعظم کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سابق سینئر کرکٹرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں مزید رنز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد: بابراعظم کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سابق سینئر کرکٹرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں مزید رنز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں پاک ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعدتینوں فارمیٹس میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔بابر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس سے کپتانی کے عہدے سے دستبردار ہورہے ہیں۔
یہ ان کے لئے ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن اس فیصلے کے لئے یہ صحیح وقت ہے۔ ان کے اس اعلان کے کچھ دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں کا اعلان کردیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
بابراعظم کی جانب سے کپتان سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر سابق کپتان وسیم اکرم نےکہا کہ ’ہم بابراعظم کو بطور بلے باز کھونا نہیں چاہتے، وہ تمام فارمیٹس میں نمبر ون کرکٹر رہے ہیں۔‘انہوں نے مزیدکہا کہ بطور کپتان بابراعظم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ان کی اچھی کارکردگی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔
سابق کرکٹر اور تیزگیندبازشعیب ملک نے بابراعظم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر کہا کہ ’بہت اچھے وقت پر انہوں نے فیصلہ کیا ہے، وہ کپتانی سے دستبردار ہوگئے اب وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں گے اور پاکستانی ٹیم کے لیے میچ جیتیں گے۔
اسٹارکھلاڑی شاہد آفریدی نے بابر اعظم کی بطور کپتان خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر نے اپنی قیادت، صلاحیت اور کارکردگی سے کرکٹرز کی اگلی نسل کو متاثر کیا ہے، امید ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ بحیثیت بلے باز آپ مزید ریکارڈ اپنے نام کریں۔محمد رضوان نے بھی کہا کہ ’آپ کی ایمانداری، محبت، دیانت، خیالات اور بطور کپتان پاکستان کے لیے کوششیں قابل توجہ ہیں۔‘ آپ دلوں کے کپتان ہو، آپ یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔‘
تیزگیندباز نسیم شاہ نے بابراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ کی قیادت میں اپنی وائٹ گیند پر ڈیبیو کرنا اور کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے بابراعظم سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شاہین آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی۔