اترکھنڈ کے دینی مدرسوں کو ایک ماہ کا الٹی میٹم
اترکھنڈ کے وزیر سماجی بہبود و بہبودی اقلیت چندن رام داس نے کہا کہ مدرسوں کو ایک ماہ میں ریاستی محکمہ تعلیم میں اندراج کا الٹی میٹم دے دیا گیا ہے۔ ایسا نہ کرنے پرانہیں بند کردیا جائے گا۔ فی الحال 419 مدرسے اترکھنڈ مدرسہ بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں۔
دہرہ دون: اترکھنڈ میں دینی مدرسوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ میں ریاستی محکمہ تعلیم میں اپنا اندراج کرالیں ورنہ انہیں بند کردیا جائے گا۔ حکومت کے بموجب ریاست میں 400 کے آس پاس مدرسے ایسے ہیں جن کا رجسٹریشن نہیں ہوا ہے۔
اترکھنڈ کے وزیر سماجی بہبود و بہبودی اقلیت چندن رام داس نے کہا کہ مدرسوں کو ایک ماہ میں ریاستی محکمہ تعلیم میں اندراج کا الٹی میٹم دے دیا گیا ہے۔ ایسا نہ کرنے پرانہیں بند کردیا جائے گا۔ فی الحال 419 مدرسے اترکھنڈ مدرسہ بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں۔
ان میں 192 کو مرکزی اور ریاستی حکومت سے گرانٹ ملتی ہے۔ ریاستی حکومت کا اندازہ ہے کہ مزید 400 مدرسے ایسے ہیں جن کا رجسٹریشن باقی ہے۔ ریاستی وقف بورڈ کے سربراہ شاداب شمس نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے بات چیت کی ہے اور مدارس دینیہ کے سروے کے لئے عنقریب کمیٹی بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ‘ مدرسوں میں ریاستی ایجوکیشن بورڈ کا نصاب متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ دینی مدارس کے طلبا کو خانگی اور سرکاری اسکولوں جیسی تعلیم دی جائے گی۔ مدرسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ معاملات صاف و شفاف رہیں۔ اترکھنڈ وقف بورڈ 103 مدرسے چلاتا ہے۔