اے پی: بیٹی کو کالج میں داخلہ دلانے کے بعد واپسی کے دوران سڑک حادثہ۔باپ ہلاک
پولیس کے مطابق، نیلور ضلع کے پلوکور کے رہنے والے شیخ سبحانی باشا ایک درزی کے طور پر کام کرتے تھے اور اپنے خاندان کی کفالت کر رہے تھے۔ اُن کی اہلیہ آفریں، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔

حیدرآباد: بیٹی کو کالج میں داخلہ دلانے کے بعد واپسی کے دوران سڑک حادثہ میں باپ ہلاک ہوگیا۔یہ حادثہ اے پی کے اونگول میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، نیلور ضلع کے پلوکور کے رہنے والے شیخ سبحانی باشا ایک درزی کے طور پر کام کرتے تھے اور اپنے خاندان کی کفالت کر رہے تھے۔ اُن کی اہلیہ آفریں، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔
حال ہی میں اُن کی بیٹی نے تلنگانہ کے باسر ٹرپل آئی ٹی میں داخلہ حاصل کیا تھا، جس پر وہ خوشی خوشی اپنی بیٹی کو وہاں چھوڑ کر ہفتہ کی رات بیوی کے ہمراہ ٹرین سے واپسی کے لیے روانہ ہوئے۔
وہ اونگول ریلوے اسٹیشن پر اترنے کے بعد موٹر سائیکل کے ذریعہ پلوکور کی طرف روانہ ہوئے۔ کلیکیوایا کے قریب سڑک پر رکی ہوئی ایک لاری سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں سبحانی شدید زخمی ہو گئے اور سڑک پر گر پڑے۔
موقع پر موجود افراد نے ایمبولینس (108) کو اطلاع دی اور دونوں میاں بیوی کو اونگول اسپتال لے جایا جا رہا تھا، تاہم راستے میں ہی آفریں کی گود میں سبحانی کی موت ہوگیی۔
پولیس نے واقعہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔