حیدرآباد

رمضان میں حیدرآباد کے بازاروں میں عطر کی فروخت میں زبردست اضافہ

عود اور مشک کی گہری خوشبو کی وجہ سے یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اقسام میں شامل ہیں۔گلاب اور چمیلی والے عطر کی پھولوں کی خوشبو کو خاص طور پر خواتین میں بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: مقدس ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی حیدرآباد کے بازاروں میں عطر کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ رمضان کے دوران عطر استعمال کرنے کی روایت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس کی وجہ سے شہر کے مختلف پرفیوم اسٹورس اور بازاروں میں اس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں
قرآن پاک قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کی شفاعت کرے گا: مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری
روزہ انسان کے لئے بہیمی اور حیوانی عنصر پر روحانی اور ملکوتی عنصر کو غالب کرنے کا سبب: مولانا قاضی اسد ثنائی
سادات بیت المال فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق سادات میں راشن کی تقسیم
رمضان میں اردومیڈیم اسکولس کے اوقات میں تبدیلی سے متعلق نمائندگی
اردو اکیڈمی جدہ و محی الدین ٹرسٹ کی جانب سے ایس ایس۔سی طلباء مستقر محبوب نگر میں امتحانی کٹس کی تقسیم

حیدرآباد کے مختلف علاقوں، خاص طور پر چارمینار، لاڈ بازار، ملے پلی اور ٹولی چوکی میں عطر فروشوں نے بتایا ہے کہ روایتی عطر خریدنے والے گاہکوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ یہ قدرتی اور دیرپا خوشبوخاص طور پر دعوت افطار اور تراویح کی نمازوں کے دوران استعمال کے لیے پسند کی جا رہی ہیں۔

عود اور مشک کی گہری خوشبو کی وجہ سے یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اقسام میں شامل ہیں۔گلاب اور چمیلی والے عطر کی پھولوں کی خوشبو کو خاص طور پر خواتین میں بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

صندل اور عنبر کی روایتی خوشبو کی طلب بھی زیادہ ہے کیونکہ یہ ذہنی سکون اور روحانی ماحول پیدا کرتی ہیں۔ عطر فروشوں نے بتایا کہ عام دنوں کے مقابلے میں رمضان میں ان کی فروخت دوگنی ہو گئی ہے۔

 دکانداروں نے رمضان کی خصوصی پیشکشیں اور رعایتی شرح متعارف کروائے ہیں تاکہ مزید گاہکوں کو متوجہ کیا جا سکے۔ سڑکوں پر عطر فروش کرنے والوں نے بھی مساجد اور خریداری کے مراکز کے قریب عارضی اسٹال لگا کر مختلف اقسام کے عطر مناسب قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

مکہ مسجد کے قریب ایک دکان کے مالک نے کہا، ”رمضان کے دوران لوگ خاص طور پر قدرتی خوشبو پسند کرتے ہیں، جو نماز اور افطار کے دوران استعمال کی جاتی ہیں۔ اس سال ہماری فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور لوگ نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے ارکان خاندان اور دوستوں کے لیے بھی عطر خرید رہے ہیں۔”

ڈیجیٹل خریداری کے رجحان میں اضافہ کے باعث، آن لائن پلیٹ فارمس اور ای کامرس ویب سائٹس پر بھی عطر کے آرڈرس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ نوجوان خریدار روایتی اور جدید خوشبو کے امتزاج پر مشتمل کسٹمائزڈ عطر یات کو زیادہ پسند کر رہے ہیں۔

عطر صدیوں سے اسلامی روایات کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ بہت سے لوگ مانتے ہیں کہ خالص اور الکحل سے پاک خوشبو نہ صرف ذاتی خوشبو میں اضافہ کرتی ہے بلکہ رمضان کے روحانی ماحول سے بھی ہم آہنگ ہوتی ہے۔ جیسے جیسے رمضان آگے بڑھ رہا ہے، حیدرآباد کے بازار عطر کی دلفریب خوشبوؤں سے معطر ہو رہی ہیں۔

 زیادہ طلب جدید اور روایتی خوشبو کا امتزاج، اور رمضان کی خصوصی فروخت کی وجہ سے عطر کی صنعت اس وقت اپنے عروج سے گزر رہی ہے۔