ڈائرکٹر شنکر کوالاٹ کردہ اراضی کے خلاف عرضی خارج
تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز مفاد عامہ کے تحت داخل کردہ ایک عرضی کو خارج کردیا جس میں حکومت کی جانب سے مشہور فلم ہدایت کار این شنکر کو حیدرآباد کے قریب فلم اسٹوڈیو کے قیام کیلئے الاٹ کردہ اراضی کو چالینج کیا گیا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز مفاد عامہ کے تحت داخل کردہ ایک عرضی کو خارج کردیا جس میں حکومت کی جانب سے مشہور فلم ہدایت کار این شنکر کو حیدرآباد کے قریب فلم اسٹوڈیو کے قیام کیلئے الاٹ کردہ اراضی کو چالینج کیا گیا تھا۔
چیف جسٹس اجول بھویان اور جسٹس این تکارام جی پرمشتمل ڈیویژن بنچ نے جو اس کیس پر 5جولائی کو سماعت مکمل کرلی تھی، جمعہ کے روز فیصلہ سنایا۔ اپنے فیصلہ میں عدالت نے کہا کہ اراضی الاٹ منٹ کے معاملہ میں عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔
حکومت نے 2019 میں حیدرآباد کے قریب ضلع رنگاریڈی کے موضع موکلا میں فلم اسٹوڈیو کے قیام کیلئے فلمی ڈائرکٹر این شنکر کو5ایکڑ اراضی الاٹ کی تھی۔ فلمی ڈائرکٹر کو اراضی مختص کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کو عدالت میں چالینج کیا گیا۔
ضلع جگتیال کے جئے شنکر نے 2020 میں ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کے تحت عرضی داخل کرتے ہوئے ڈائرکٹر کو زمین الاٹ کرنے کے اقدام کو چیالنج کیا تھا۔ عدالت نے اس احساس کا اظہار کیا کہ اراضیات الاٹ کرنے کے معاملہ میں حکومت کی پالیسی واضح ہے۔
حکومت اگر ڈائرکٹر کو اراضی الاٹ کرتی ہے تو اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ عدالت العالیہ نے اس ضمن میں داخل کردہ مفاد عامہ کی عرضی کو خارج کردیا۔