دہلی

وزیر اعظم اپنے متروں کے بجائے عوام کی خدمت کریں: راہول

کانگریس قائد نے کہا ”حکومت ِ راجستھان نے 500 روپئے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے کا ایک بڑا اعلان کیا ہے، جو اُس رقم کی نصف سے بھی کم ہے جو مرکز وصول کررہا ہے“۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ اپنے ”متروں“ (دوستوں) کو فائدہ پہنچانا بند کریں اور مہنگائی سے متاثر عوام کی خدمت کریں۔

کانگریس قائد نے راجستھان میں حکومت کی جانب سے خط ِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں اور اُجولا اسکیم میں شامل ہونے والوں کو 500 روپئے میں پکوان گیس سلنڈر فراہم کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم کو نشانہئ تنقید بنایا۔

کانگریس قائد نے کہا ”حکومت ِ راجستھان نے 500 روپئے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے کا ایک بڑا اعلان کیا ہے، جو اُس رقم کی نصف سے بھی کم ہے جو مرکز وصول کررہا ہے“۔

انہوں نے کہا ’مسٹر وزیر اعظم اپنے ’متروں‘ کا ساتھ دینا بند کریں اور عوام کی خدمت کریں جو مہنگائی سے پریشان ہیں‘۔ اشوک گہلوت حکومت نے آئندہ سال مقرر اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خط ِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو صرف 500 روپئے میں پکوان گیس سلنڈر فراہم کرے گی۔

توقع ہے کہ کانگریس اپنی انتخابی مہم میں اس اسکیم کا اعلان کرے گی، جہاں اسے گہلوت اور سینئر لیڈر سچن پائلٹ کے درمیان رسہ کشی کے چیلنج کا سامنا ہے جس کی وجہ سے 2020ء میں حکومت گرنے کے قریب تھی۔ وزیر اعظم اکثر اپنے جلسوں میں ”متروں“ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔

 راہول گاندھی نے حال ہی میں ایک جلسہ عام میں اپنی تقریر میں اس لفظ کا استعمال کیا تھا اور پھر قہقہہ لگاتے ہوئے وزیر اعظم پر طنز کیا تھا۔ راہول گاندھی اس وقت راجستھان کے الور میں ہیں اور اُن کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا آہستہ آہستہ سری نگر کی طرف بڑھ رہی ہے۔

ٹاملناڈو کے کنیا کماری سے 7 ستمبر کو شروع ہونے والی یاترا 2024ء کے عام انتخابات سے قبل حمایت حاصل کرنے کانگریس کی مایوسانہ کوشش ہے۔