وزیراعظم کا دورہ محبوب نگر مایوس کن: ریونت ریڈی
صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے وزیراعظم نریندر مودی کے محبوب نگر تلنگانہ کے دورہ کو مایوس کن قرار دیا۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے وزیراعظم نریندر مودی کے محبوب نگر تلنگانہ کے دورہ کو مایوس کن قرار دیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ آیا نریندر مودی ملک کے وزیراعظم ہیں یا گجرات کے؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی تقسیم اے پی ریاست بل میں منظور کئے گئے ایک بھی پراجکٹ کو مکمل نہیں کیا۔
ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے دورہ پر جواخراجات کئے گئے اس سے ضلع محبوب نگر کو ترقی دی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہاکہ مودی کے دورہ کا مقصد حکومت مخالف ووٹ تقسیم کرناہے۔ انہوں نے سوال کیاکہ کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں اور کرپشن پر مودی خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ یو پی اے دور حکومت میں کئے گئے فیصلوں کو کیا روبہ عمل نہیں لایا جائے گا؟ انہوں نے کہاکہ مخالف تلنگانہ ذہن رکھنے والے نریندر مودی کو تلنگانہ میں مدعو کرنا تلنگانہ عوام کی توہین ہے۔
ریونت ریڈی نے جی کشن ریڈی مرکزی وزیر اور نائب صدر بی جے پی ڈی کے ارونا جنہوں نے مودی کو مدعو کیا ہے۔ عوام سے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے 2004 تا2009 کانگریس کے اور حکومت 2014 تا2018 بی آ رایس کے منشور پر کھلے عام مباحث کرنے کا ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ کو چیالنج کیا۔
صدر پی ایس سی سی نے کہاکہ 2004 سے 2014 تک کانگریس کئی ریاستوں میں برسر اقتدار تھی لیکن آندھراپردیش میں کئی فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لایاگیا۔
کانگریس نے مفت بجلی‘اندراماں ہاوزنگ‘ آروگیہ شری‘کسانوں کے قرض معافی‘ فیس ریمبرسمنٹ‘مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جو کانگریس کی دوسری ریاستوں میں نافذ نہیں کی گئیں تھیں کیونکہ اسکیمات ریاستوں کی آمدنی اور لوگوں کی ضروریات پر مبنی ہوتی ہیں۔
لیکن بی آر ایس قائدین کو اس کی قدر نہیں اور نہ ہی انہیں اس کا علم ہے۔ انہوں نے کانگریس کی دس سالہ حکمرانی اور بی آر ایس کی 10 سالہ حکمرانی پر کھلے عام مباحث کا بی آر ایس قائدین سے چالنج کیا۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس عوام سے جو وعدے کرتی ہے اسے پور ا کرتی ہے۔ کانگریس صدر نے کہاکہ بی آر ایس قائدین کو کانگریس سے سوال کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ ہم 6 ضمانتیں اسکیمات کو برسر اقتدار آنے کے اندرون 100 یوم روبہ عمل لاکر دکھائیں گے۔ تلنگانہ عوام کو کانگریس پر پورا بھروسہ ہے۔