دوسرے ٹسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان
انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کے بعد دوسرے ٹسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا گیا۔

لاہور (اسپورٹس ڈسک) انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کے بعد دوسرے ٹسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا گیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیاجا رہا ہے کہ اوپننگ مسائل کی وجہ سے امام الحق کو پلئینگ الیون واپس لائے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کے علاوہ کامران غلام، میر حمزہ، نعمان علی اور نوجوان اوپنر محمد حریرہ کو بھی لائن اَپ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
عبداللہ شفیق اور صائم ایوب کی اوپپنگ جوڑی کے مسلسل ناکام ہونے پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دسمبر 2023 میں آخری ٹسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق کو دوبارہ پلئینگ الیون کا حصہ بنانے پر غور کیاجا رہاہے۔
گزشتہ سال بابراعظم کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد سے شان مسعود نے دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کی کمان سنبھالی تھی تاہم وہ اب تک ٹیم کو ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں جتواسکے ہیں۔
دوسری جانب خبریں گردش کررہی ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف جاری 3 میچوں کی سیریز کے بعد شان مسعود کو کپتانی کے عہدے سے ہٹادیا جائے گا جبکہ ان کی جگہ محمد رضوان، سعود شکیل اور آغا سلمان کے نام قیادت کیلئے زیرغور ہیں۔ اس کے علاوہ اسپنر ابرار احمد کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سفیان مقیم کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کیلئے اسکواڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ ابرار احمد جو پہلے ٹسٹ میچ کے دوران بخار میں مبتلا ہوگئے تھے، انہیں ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں اسپنر کے حوالے سے ساجد خان کا نام بھی زیر غور ہے۔