میانمار میں طاقتور زلزلہ، 20 ہلاک، منڈالے میں ایک مسجد ڈھیر (ویڈیوز)
میانمار میں جمعہ کے دن 7.7 شدت کے تباہ کن زلزلہ اور اس کے بعد 6.8 شدت کے مابعد زلزلہ جھٹکے سے کم ازکم 20 جانیں گئیں۔ شہر منڈالے کی ایک مسجد ڈھیر ہوگئی۔

نیپیدا (آئی اے این ایس) میانمار میں جمعہ کے دن 7.7 شدت کے تباہ کن زلزلہ اور اس کے بعد 6.8 شدت کے مابعد زلزلہ جھٹکے سے کم ازکم 20 جانیں گئیں۔ شہر منڈالے کی ایک مسجد ڈھیر ہوگئی۔
کئی لوگوں کے جاں بحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ ساگنگ کے شمال مغرب میں 10 کیلومیٹر کی گہرائی میں آنے والے اس زلزلہ کے جھٹکے سارے میانمار‘ تھائی لینڈ‘ شمال مشرقی ہند اور چین کے حصوں میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ بنکاک میں میٹرو اور ٹرین سروس عارضی طورپر معطل کرنی پڑی۔
شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ وزیراعظم تھائی لینڈ شنواترا نے فوری ایمرجنسی میٹنگ طلب کی اور دارالحکومت میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔ میانمار میں صورتِ حال سنگین ہے۔ وہاں کئی عمارتیں ڈھیر ہوگئیں۔
انفرااسٹراکچر کو نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔ منڈالے اور ینگون کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا جس سے ریلیف سرگرمیوں میں رکاوٹ آرہی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارتیں ہل رہی ہیں اور لوگ جان بچانے بھاگ رہے ہیں۔
ایمرجنسی ورکرس ملبہ میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی انتھک کوشش کررہے ہیں۔ میانمار میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا۔ امداد کے لئے بین الاقوامی اپیل بھی کی گئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے میانماراور تھائی لینڈ کو تیقن دیا ہے کہ بھرپور مدد کی جائے گی۔
وزارت ِ خارجہ ہند سے کہا گیا ہے کہ وہ میانمار اور تھائی لینڈ کی حکومتوں سے رابطہ میں رہے۔ میانمار میں حکام نے بڑے پیمانہ پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔