امریکہ و کینیڈا

الہان عمر کے ہاتھوں اسرائیل کے حامی ریپبلکن امیدوار کو شکست

امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے انتخابات 2024 کے دوران اپنے حریف و اسرائیل کی حامی ریپبلکن امیدوار کو باآسانی شکست دے دی۔

واشنگٹن (یو این آئی) امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے انتخابات 2024 کے دوران اپنے حریف و اسرائیل کی حامی ریپبلکن امیدوار کو باآسانی شکست دے دی۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق صومالی نژاد مسلم خاتون ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اسرائیل کے حامی گروپوں کی جانب سے گزشتہ اگست میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تھی۔

مینیسوٹا کے پانچویں ضلع کی نمائندگی کرنے والی الہان عمر کے مدمقابل ریپبلکن امیدوار دالیہ العقیدی تھیں جو ایک عراقی نژاد تارک وطن ہیں جو خود کو سیکولر مسلمان کہتی ہیں اور اسرائیل کی حامی ہیں، جبکہ ان کے برعکس الہان عمر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی شخصیت ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 87 فیصد ووٹوں کی گنتی کے مطابق الہان عمر نے دالیہ العقیدی کے 23.6 فیصد کے مقابلے میں 76.4 فیصد ووٹ حاصل کیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الہان عمر نے چوتھی بار رکن کانگریس بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار راشدہ طلیب بھی مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوگئیں، راشدہ طلیب بھی غزہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کئی مرتبہ آواز اٹھا چکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکا کے ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز نے برتری حاصل کرنے کے بعد ڈیموکریٹک رکن الہان عمر کو دو سال پہلے دیے گئے اسرائیل مخالف بیان پر خارجہ امور کمیٹی سے باہر کردیا تھا۔امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریت رکھنے والے ری پبلکن اراکین نے الہان عمر کو ہٹانے کی وجہ 2019 میں دیے گئے ان کا بیان قرار دیا تھا حالانکہ انہوں نے اپنے بیان پر معذرت بھی کرلی تھی۔