کھیل

پی ایس ایل 11: بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو این او سی جاری، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے جزوی استثنیٰ

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل میں شامل مستفیض الرحمٰن، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور رشاد حسین کو پی ایس ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ کھلاڑی 27 مارچ سے شروع ہونے والے قومی تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت متعدد اسٹار کرکٹرز کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول سیریز سے جزوی طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
راشد خان بنگلہ دیش ون ڈے کیلئے فٹ
بابر اعظم نے کوہلی اور گیل کا ریکارڈ توڑدیا
ویراٹ کوہلی نے سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑدیا

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل میں شامل مستفیض الرحمٰن، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور رشاد حسین کو پی ایس ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ کھلاڑی 27 مارچ سے شروع ہونے والے قومی تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفیکیشن کے تناظر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو ون ڈے میچز کے لیے دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو دو مراحل میں این او سی دیا گیا ہے، جس کے تحت وہ 26 مارچ سے 12 اپریل اور پھر 24 اپریل سے 3 مئی تک پی ایس ایل کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ انہیں کیوی ٹیم کے خلاف سیریز سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔

دیگر کھلاڑیوں بشمول تنزید حسن، شرف الاسلام اور ناہید رانا کو 12 اپریل تک، جبکہ پرویز حسین کو 21 اپریل تک پی ایس ایل کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔