پے سی ایم مہم کیس میں راہول گاندھی کی ضمانت کی درخواست منظور
یہ معاملہ پچھلے سال کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کی جانب سے شروع کی گئی متنازعہ 'پے سی ایم' مہم سے ہے، جس میں اس وقت کی بی جے پی حکومت پر 2019-2023 کے دور میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا الزام لگایا گیا تھا۔
بنگلورو: ایک اہم پیشرفت میں کرناٹک کے بنگلورو کی ایک عدالت نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاستی اکائی کی طرف سے پے سی ایم مہم پر دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے میں جمعہ کو کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی درخواست ضمانت منظور کر لی ۔
یہ معاملہ پچھلے سال کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کی جانب سے شروع کی گئی متنازعہ ‘پے سی ایم’ مہم سے ہے، جس میں اس وقت کی بی جے پی حکومت پر 2019-2023 کے دور میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا الزام لگایا گیا تھا۔
جسٹس کے این شیوکمار نے کانگریس لیڈر کو ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹر گاندھی سخت سیکورٹی اور میڈیا والوں کی بھیڑ کے درمیان خصوصی عدالت پہنچے۔ ‘پے سی ایم’ مہم کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کانگریس پارٹی کی حکمت عملی کا مرکز تھی۔
جس میں سابق وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو بدعنوانی کے الزامات سے منسلک کیو آر کوڈ کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ اس مہم نے قومی توجہ حاصل کی اور کانگریس پارٹی کا بڑا انتخابی ہتھیار بنی۔
مرکزی دھارے کے اخبارات میں اشتہارات پر مشتمل ‘پے سی ایم’ مہم میں الزام لگایا تھا کہ بی جے پی حکومت بڑے پیمانے پر بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اس حوالہ سے کافی تنازعہ کھڑا ہوا اور اس کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا۔
اس معاملے میں کئی بڑے لیڈر پیش ہو چکے ہیں۔ یکم جون کو کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور ریاستی کانگریس صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ ان دونوں رہنماؤں کو ہتک عزت کے اسی مقدمے میں ضمانت منظور کی گئی تھی۔