نیربھ کمار پرساد اے پی کے نئے چیف سکریٹری مقرر
ٹی ڈی پی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے کئی بار مطالبہ کیا تھا کہ وہ جواہر ریڈی کا تبادلہ کردیں کیونکہ ان پر الزام تھا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران متنازعہ اقدامات کررہے ہیں۔

امراوتی: سینئر آئی اے ایس آفیسر نیربھ کمار پرساد کو، کے جواہر ریڈی کی جگہ آندھرا پردیش کا نیا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ریاست میں اقتدار کی منتقلی کے عمل کے آغاز کے بعد جواہر ریڈی چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ نیربھ کمار پرساد کو ریاست کا نیا چیف سکریٹری مقرر کئے جانے کے احکام جمعہ کے روز جاری کئے گئے۔
احکام کی اجرائی سے ایک دن قبل جواہر ریڈی، نجی بنیاد پر رخصت پر چلے گئے۔ ریڈی کے رخصت پر جانے کے ایک دن بعد ریاست کے نئے چیف سکریٹری کے طور پر نیربھ کمار پرساد کا تقرر عمل میں لایا گیا۔ 1987 بیاچ کے آئی اے ایس آفیسر پرساد،ماحولیات جنگلات اور سائنس وٹکنالوجی کے اسپیشل چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
حکومت نے پیشرو چیف سکریٹری جواہر ریڈی کا تبادلہ کردیا تھا مگر انہیں پوسٹنگ نہیں دی گئی۔ این چندرا بابو نائیڈو جو ریاست کے نئے چیف منسٹر کے طور پر 12جون کو عہدہ رازداری کا حلف لیں گے، چاہتے تھے کہ جواہر ریڈی کی جگہ فوری طور پر نیا چیف سکریٹری مقرر کیا جائے۔
ریاست میں اسمبلی ولوک سبھا انتخابات کے دوران ٹی ڈی پی نے جواہر ریڈی کو ان کے طریقہ کار پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ تلگودیشم پارٹی کاماننا ہے کہ جواہر ریڈی، انتخابات کے دوران حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی مبینہ طور پر طرفداری کررہے تھے۔
ٹی ڈی پی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے کئی بار مطالبہ کیا تھا کہ وہ جواہر ریڈی کا تبادلہ کردیں کیونکہ ان پر الزام تھا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران متنازعہ اقدامات کررہے ہیں۔
انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کی زیر قیادت اتحاد شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ جس کے ساتھ ہی نائیڈو نے اپنے پسند یدہ عہدیداروں کی ٹیم بنانے کی تیاری شروع کردی۔
جواہر ریڈی نے چہارشنبہ کے روز چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی تھی بتایا جاتا ہے کہ نائیڈو نے سینئر عہدیدار جواہر ریڈی کو اشارہ دے دیا کہ وہ چھٹی پر چلے جائیں تاکہ نئی حکومت کو اپنی مرضی کے مطابق نیا چیف سکریٹری مقرر کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔
بعدازاں جواہر ریڈی رخصت کی درخواست محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کو رانہ کردیا۔ دسمبر2022 سے چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز جواہر ریڈی، 30 جون کو وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔