تلنگانہ میں بارش۔کئی ٹرینیں منسوخ
تلنگانہ بھر میں جاری شدیدبارش کے باعث کئی مقامات پر پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں اور کچھ حصے بہہ بھی گئے۔ اس صورتحال پر چوکس ہوتے ہوئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کئی ٹرینوں کو منسوخ کردیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں جاری شدیدبارش کے باعث کئی مقامات پر پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں اور کچھ حصے بہہ بھی گئے۔ اس صورتحال پر چوکس ہوتے ہوئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کئی ٹرینوں کو منسوخ کردیا۔
کچھ ٹرینوں کا راستہ تبدیل کیا گیا جبکہ چند کو جزوی طور پر منسوخ کیا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مزید ٹرینوں کے راستے بدلے جاسکتے ہیں۔
جمعرات کو اکولا – اکوٹ اور کاچی گوڑہ – ناگرسول کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا۔ اسی طرح کاچی گوڑہ – کریم نگر، ایچ ایس ناندیڑ – میڑچل ٹرینوں کو بھی منسوخ کیا گیا۔
حیدرآباد – کاماریڈی کے درمیان کئی ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے کیونکہ بھکنور – تلہ مڈلہ اور اکنا پیٹ – میدک اسٹیشنوں کے درمیان پٹریوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ حکام نے کریم نگر – کاچی گوڑہ، میدک – کاچی گوڑہ، بودھن – کاچی گوڑہ، کاچی گوڑہ – میدک، نظام آباد – تروپتی، عادل آباد – تروپتی ٹرینوں کو بھی منسوخ کردیا۔
جمعرات اور جمعہ کو ملکا جگری – سدی پیٹ سروس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
مسافروں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبرات جاری کیے گئے ہیں۔ کاچی گوڑہ اسٹیشن پر 9063318082، سکندرآباد اسٹیشن پر 040- 27786170، نظام آباد اسٹیشن پر 970329671 اور کاماریڈی اسٹیشن پر 9281035664 نمبرات فراہم کیے گئے ہیں۔ مسافر مزید معلومات کے لیے ان نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔