ماہ رمضان: پرانا شہر حیدرآباد روشنیوں میں نہا گیا۔ چارمینار کے قریب خریداروں کا ہجوم، پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات
رمضان کے دوران چارمینار دیکھنے آنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ رات کے وقت برقی روشنیوں میں نہایا ہوا چارمینار کی تاریخی عمارت اتنا دلکش منظر پیش کرتی ہے کہ دیکھنے والوں کی نظریں اس پر ٹہر جاتی ہیں۔
حیدرآباد: رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں ایک نئی رونق دیکھنے کو مل رہی ہے۔
رمضان کی اصل پہچان کہے جانے والے پرانے شہر میں جہاں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے اور چارمینار و مکہ مسجد جیسی تاریخی عمارتیں واقع ہیں، خریداروں کا بے پناہ ہجوم امڈ پڑا ہے۔ اس بابرکت مہینے کی مناسبت سے پورے علاقہ کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔
رمضان کے دوران چارمینار دیکھنے آنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ رات کے وقت برقی روشنیوں میں نہایا ہوا چارمینار کی تاریخی عمارت اتنا دلکش منظر پیش کرتی ہے کہ دیکھنے والوں کی نظریں اس پر ٹہر جاتی ہیں۔
پرانے شہر کی سڑکیں رات بھر جاگتی ہیں جہاں شہری اور سیاح لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں۔
ہجوم کے پیش نظر حیدرآباد پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ پولیس دستے پورے مہینے عوام کے تحفظ کے لئے رات گئے تک گشت کر رہے ہیں۔
چونکہ پرانے شہر میں چہل پہل سحری تک جاری رہتی ہے، اس لیے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے ہیں تاکہ لوگ پرامن ماحول میں اس مقدس مہینے کی خوشیاں منا سکیں۔