حیدرآباد

ریڈکو ڈویژنل انجینئر اے سی بی کی زد میں، کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے

حکام نے بڑی مقدار میں نقد رقم کے علاوہ منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کی ہیں۔

حیدرآباد :  تلنگانہ انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے بدھ کے روز تلنگانہ رینیوایبل انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ریڈکو) کے ڈویژنل انجینئر (ڈی ای) متیم وینکٹا رمنا کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزامات کے سلسلے میں ان کی رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری رکھی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ماجد خان کی نگرانی میں حیدرآباد کے مادھاپور میں واقع افسر کی رہائش گاہ سمیت 15 مقامات پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کارروائی کے لیے اے سی بی کی آٹھ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق تلاشی کے دوران حکام نے بڑی مقدار میں نقد رقم کے علاوہ منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کی ہیں۔

اے سی بی کے حکام نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی شام تک جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس معاملے اور برآمد ہونے والے اثاثوں کی تفصیلی معلومات جاری کی جائیں گی۔