معروف آرٹ ڈائرکٹر نتن دیسائی نے خودکشی کرلی
57 سالہ دیسائی جو رائے گڑھ میں این ڈی اسٹوڈیوز کے مالک ہیں نے کئی بالی ووڈ اور مراٹھی فلموں میں بطور آرٹ ڈائرکٹر و پروڈکشن ڈیزائنر کام کیا ہے۔
ممبئی: چار مرتبہ قومی ایوارڈ یافتہ معروف آرٹ ڈائرکٹر نتن دیسائی رائے گڑھ ضلع میں اپنے اسٹوڈیو میں لٹکتے پائے گئے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات کہی۔ بادی النظر میں یہ خودکشی کا معاملہ نظر آتا ہے، تاہم پولیس تمام زایوں سے تحقیقات کررہی ہے۔
57 سالہ دیسائی جو رائے گڑھ میں این ڈی اسٹوڈیوز کے مالک ہیں نے کئی بالی ووڈ اور مراٹھی فلموں میں بطور آرٹ ڈائرکٹر و پروڈکشن ڈیزائنر کام کیا ہے۔
اُرن کے علاقہ جہاں دیسائی کا اسٹوڈیو واقع ہے، کے آزاد رکن اسمبلی مہیش بالڈی نے ودھان بھون کامپلکس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آرٹ ڈائرکٹر کو مالی بحران کا سامنا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کرلی۔
رائے گڑھ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس سومناتھ گھرگے نے کہا کہ دیسائی کی لاش این ڈی اسٹوڈیوز میں آج صبح رسی سے لٹکتی پائی گئی۔ یہ اسٹوڈیو ممبئی سے 50کلو میٹر دور رائے گڑھ کے کرجت علاقہ میں واقع ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہنچی۔
پولیس کے علاوہ ڈاکٹرس اور فارنسک سائنس کے ماہرین کی ٹیم بھی وہاں پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ دیسائی کو ”ہم دل دے چکے صنم“، ”لگان“، ”جودھا اکبر“ اور ”پریم رتن دھن پایو“ جیسی فلموں میں ان کے آرٹ ورک کے لیے جانا جاتاہے۔
اپنے 30 سالوں پر محیط کیریئر میں دیسائی نے ودھو ونود چوپڑا، سنجے لیلا بنسالی، راج کمار ہیرانی اور آشوتوش گواریکر جیسے ہدایت کاروں کے ساتھ قریبی کام کیا۔