حیدرآباد

تلنگانہ کو صحت مند ریاست بنانا ہر شہری کی ذمہ داری: ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کی کارکردگی میں بہتری لانے سے عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سابق میں سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کی شرح صرف30 فیصد تھی اور آج یہ شرح بڑھ کر67 فیصد ہوگئی ہے۔

حیدرآباد: وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کو صحت مند تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے ہر شہری کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ آج آر ٹی سی کلا بھون میں منعقدہ اے این ایم کی دوسری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت، ریاست کو صحت مند تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

 عوام کا ہیلتھ پروفائل تیار کرنے کا منصوبہ ہے، تمام سرکاری دواخانوں کو عصری آلات سے لیس کرتے ہوئے علاج ومعالجہ کی معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ آئندہ دو تین دنوں میں ریاست بھر میں حاملہ خواتین کی سہولت کے لئے58 ٹی ایف آر مراکز کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔

ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کی کارکردگی میں بہتری لانے سے عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سابق میں سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کی شرح صرف30 فیصد تھی اور آج یہ شرح بڑھ کر67 فیصد ہوگئی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہر گاؤں میں طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کا مقصد ہے اور تمام اے این ایم مراکز کو پلے دواخانوں میں تبدیل کیا جائے گا۔اس حصہ کے طور پر ریاست بھر میں 2ہزارپلے دواخانے شروع کرے گی۔