سوشیل میڈیاشمالی بھارت

آر ایس ایس عہدیدار، دیوبند اور بریلی کے علماء سے ملاقات کریں گے

آر ایس ایس کے سینئر عہدیدار آنے والے دنوں میں دیوبند اور بریلی کے مسلم روحانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ مختلف متنازعہ مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے، کیوں کہ سنگھ، اس برادری تک اپنی رسائی کی مشق جاری رکھے ہوئے ہے۔

لکھنؤ: آر ایس ایس کے سینئر عہدیدار آنے والے دنوں میں دیوبند اور بریلی کے مسلم روحانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ مختلف متنازعہ مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے، کیوں کہ سنگھ، اس برادری تک اپنی رسائی کی مشق جاری رکھے ہوئے ہے۔

ذرائع نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ میٹنگ کی تاریخ کا فیصلہ باہمی طور پر کیا جائے گا۔ کیرالا میں بھی سینئر مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ شروع ہورہی ہے۔ قبل ازیں 14 جنوری کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ارکان نے مسلم مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور کاشی اور متھرا میں مندروں کے مسائل، نفرت انگیز تقاریر، چھوٹی بستیوں میں رہنے والے مسلمانوں سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے گزشتہ سال 22 اگست کو کمیونٹی کے پانچ سرکردہ ارکان کے ساتھ ملاقات کی تھی اور یہ ملاقات بھی اسی سلسلہ کو جاری رکھنے کے لیے کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اگست کی میٹنگ دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔

آر ایس ایس کی نمائندگی اُس کے جوائنٹ جنرل سکریٹری کرشنا گوپال، رام لال اور اندریش کمار نے کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران انھوں نے کاشی اور متھرا کے مندر کے مسائل کا خوشگوار حل تلاش کرنے کے بارے میں بات کی تھی۔

اس میٹنگ میں جماعت ِ اسلامی ہند، جمعیۃ علماء ہند سمیت ممتاز مسلم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ اس کے علاوہ درگاہ اجمیر کے سلمان چشتی نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے اور متنازعہ مسائل کا پُرامن حل تلاش کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

a3w
a3w