سارن: سڑک حادثہ میں نوجوان کی موت، ایک زخمی
اس واقعے میں موہت کمار کی موت ہوگئی، جب کہ سنجیت کمار زخمی ہوگیا۔
چھپرا: بہار میں سارن ضلع کے مشرکھ تھانہ علاقے میں ہوئے سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ بنگرا گاؤں کا رہنے والا موہت کمار عرف گولو (18) اپنے چچازاد بھائی سنجیت کمار ولد سبھاش کمار کے ساتھ مکر سنکرانتی کے موقع پر کچھ سامان پہنچانے موٹر سائیکل پر گوپال گنج میں اپنی بہن کی سسرال جا رہا تھا۔
اسی دوران شری رام جانکی پتھ نیشنل ہائی وے نمبر 227 (اے) پر ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
اس واقعے میں موہت کمار کی موت ہوگئی، جب کہ سنجیت کمار زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔
زخمی کو بہتر علاج کے لیے چھپرہ بھیج دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔
پولیس اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کر رہی ہے۔