مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں غیر قانونی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن، 18,000 سے زائد گرفتار

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے 12,995 افراد اقامہ قوانین، 3,512 بارڈر کراسنگ، اور 1,900 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

ریاض: سعودی عرب میں حج 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران 18,407 افراد کو اقامہ، لیبر اور بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
بچوں کے تحفظ کیلئے حیدرآباد ٹرافک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم
حج، خلوص، توبہ اور اطاعت کا سفر ہے، نہ کہ فخر و شہرت کا مظاہرہ – مفتی صابر پاشاہ
ووٹوں کی گنتی کے دوران پارٹی امیدوار چوکس رہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت
ادبی فورم ریاض کا مشاعرہ بہ یاد تابش مہدی مرحوم
ڈاکٹر سید انور خورشید کو پریواسی بھارتیہ سمان 2025 ایوارڈ ملنےپر تہنیتی جلسہ

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے 12,995 افراد اقامہ قوانین، 3,512 بارڈر کراسنگ، اور 1,900 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنے والوں میں 66 فیصد ایتھوپین، 28 فیصد یمنی اور باقی دیگر قومیتوں سے تھے۔ 67 افراد مملکت سے غیر قانونی طور پر باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دھر لئے گئے، جبکہ 21 افراد کو خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ یا مدد دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ غیر قانونی افراد کو سہولت دینے والوں کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال (تقریباً 2.3 کروڑ روپے) جرمانہ، اور گاڑیاں و جائیداد ضبط کیے جانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع مکہ و ریاض میں 911، اور دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر دیں۔ سعودی حکومت کے مطابق، بہت سے غیر ملکی افراد وزٹ ویزا پر آ کر غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کرتے ہیں، جو قانوناً جرم ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ حج 2025 کے لیے غیر سرکاری اداروں سے کسی قسم کا لین دین ہرگز نہ کریں، مقامی عازمین بھی حج پیکیج کی بکنگ وزارت حج کی ویب سائٹ یا ’نسک‘ پورٹل سے کریں۔

رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مندوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فرضی حج کمپنیوں سے ہوشیار رہیں۔

بیرون مملکت کے عازمین حج اپنے ملکوں کے سرکاری حج مشنز کے ذریعے ’حج ویزے‘ حاصل کریں جو کہ 80 ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں حج مشنز نہیں وہاں مقیم حج کے خواہشمند ’نسک حج‘ پورٹل کے ذریعے حج بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔

وزارت کا اندرون مملکت سے عازمین حج کے حوالے خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر جاری ہونے والے پیکیجز کے ذریعے حج بکنگ کی جائے جو کہ وزارت کی ویب سائٹ یا نسک پورٹل پر جاری کیے جاتے ہیں۔

وزارت نے تاکید کی ہے کہ سرکاری متعلقہ ادارے سے جاری ہونے والا حج پرمٹ ہی قابل قبول ہوگا جو وزارت کی ویب سائٹ یا پورٹل سے جاری کیا جاتا ہے۔ فرضی حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے یا اس حوالے سے گمراہ کن اشتہارات سے محتاط رہیں۔

وزارت نے مصدقہ معلومات کے لیے متعدد زبانوں میں ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پر انفارمیشن سینٹر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے اندرون مملکت سے ٹول فری نمبر 1966 جبکہ بیرون مملکت سے 00966920002814 پر رابطہ کر کے حاصل کی جاسکتی ہے علاوہ ازیں ای میل کی سہولت بھی عازمین کے لیے فراہم کی گئی ہے۔