تعلیم و روزگار

اقلیتی اقامتی اسکول چپہ دنڈی گرلز گنگادھرا میں طالبات کو تہنیت، پرنسپل محترمہ جی وارونی کا خطاب

تلنگانہ اقلیتی اقامتی  اسکول چپہ دنڈی گرلز 1 و کالج گنگادھرا (کریم نگر) میں ہفتہ 23 مارچ کو اسکولی احاطہ میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والی طالبات کو تہنیت پیش کی گئی۔

گنگا دھرا (کریم نگر): تلنگانہ اقلیتی اقامتی  اسکول چپہ دنڈی گرلز 1 و کالج گنگادھرا (کریم نگر) میں ہفتہ 23 مارچ کو اسکولی احاطہ میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والی طالبات کو تہنیت پیش کی گئی۔

سرپرستوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل جی وارونی نے ان طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ تمام مذاہب ایک دوسرے کے ادب واحترام کا درس دیتے ہیں، ہمیں تمام مذاہب کا احترام اور ان کی قدر کرنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیاں ملک وقوم کی معمار ہوتی ہیں، ملک بھر میں تعلیم کے میدان میں لڑکیوں کی ترقی قابل فخر وقابل رشک ہے۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی تعلیمی اسکیمات سے مکمل فائدہ اٹھائیں اور خوب محنت کرتے ہوۓ اعلیٰ سے اعلیٰ نشانات حاصل کریں۔

اپنے والدین اور اساتذہ کی دل وجان سے قدر کریں اساتذہ اور والدین کی تعظیم سے ہی طلبا وطالبات معاشرہ میں بلند وباوقار مرتبہ حاصل کرتے ہیں، وقت کی پابندی اور جھوٹ سے پرہیز ہماری زندگیوں میں عظیم انقلاب لاتے ہیں۔ تعلیم میں آگے بڑھنے میں ہمیشہ آگے بڑھیں۔

انہوں نے سرپرستوں سے بھی کہا کہ اپنی لڑکیوں کو تعلیم کیساتھ ان میں اخلاق کو پروان چڑھائیں کیونکہ کوئی کتنی ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرلے لیکن اس میں چھوٹے اور بڑوں کا ادب واحترام نہ ہوتو ایسی شخصیت نا مکمل ہی سمجھی جاۓ گی۔

محترمہ روبینہ انجم پی جی ٹی اردو نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور پروگرام کی کاروائی چلائی، روبینہ انجم نے کہا کہ پرنسپل جی وارونی میڈم کی نگرانی وسرپرستی میں یہ تقریب منعقد کی گئی۔ اسکولی طالبات کے لئے میڈم کی شخصی وخصوصی دلچسپی پر تمام اسٹاف، اسکول وکالج کی طالبات اور سرپرست بیحد ممنون ومشکور ہیں۔

اس موقع پرطالبات نے ماہ رمضان سے متعلق تقاریر ونظمیں پیش کیں۔ ریجنل لیول کوآرڈینیٹر جناب کے سریش، اسکول کوآرڈینیٹر سری لیکھا پی جی ٹی بائیو سائنس، کالج کوآرڈینیٹر ستیہ لکشمی جے ایل اکنامکس نے طالبات سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرجناب معراج نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم کو دینی ودنیوی کامیابی پرتوجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرروز قرآن کی تلاوت کو معمول بنالیں، نمازوں کی پابندی کریں اور مذہبی معلومات میں اضافہ کرتے ہوۓ انسانیت کی ہر ممکن خدمت کریں۔

اسکول وکالج کی وارڈن محترمہ عالیہ کے علاوہ محترمہ زیب النساء (عربی ٹیچر) اور محترمہ قمر النساء ٹی جی ٹی اردو نے طالبات سے کہا کہ وہ خود اعتمادی کے علاوہ عاجزی اور انکساری اختیار کریں۔ تعلیم سے خوب محنت کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو سنواریں۔ اپنے خاندان اور ماحول میں جہاں بھی اور جب بھی ممکن ہو، تعلیمی مسائل پر گفتگو کریں۔ بیکار اور لاحاصل گفتگو سے خود کو دور رکھیں۔

تقریب میں جن طالبات کا ہدیہ ہوا، ان میں رخسانہ بنت ذاکر حسین انصاری (جماعت نہم- ساکن گنگا دھرا)، آفرین بنت راج محمد (جماعت نہم۔ رائیکلـ جگتیال)، نسرین بنت کالیہ (جماعت نہم – آزاد نگر، کریم نگر)، آمنہ بنت ذاکر (جماعت ہفتمـ ساکن آزاد نگر)، شیخ ثناء بنت سلیم (جماعت ہفتمـ ساکن آزاد نگر)، نسرانہ بنت طاہر (ساکن گوپال راؤ پیٹ کریم نگر)، سمیرہ بنت محمد عظیم (جماعت ہشتم ساکن خان پورہ کریم نگر)، رمشاء بنت محمد شریف (جماعت ہشتمـ ساکن جگتیال)، زرینہ بنت حیدر (جماعت دہمـ ساکن آزاد نگر کریم نگر) شامل ہیں۔

ہدیہ تقریب کے بعد دعوت افطار اور طعام کا انتظام کیا گیا تھا۔ تقریب کے بعد سرپرستوں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے اسٹاف اور بالخصوص پرنسپل محترمہ جی وارونی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ پرنسپل محترمہ جی وارونی نے بھی تمام سرپرستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ تعلیمی تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

a3w
a3w