حیدرآباد

تلنگانہ میں 2058 دواخانوں کے معائنہ کا عمل مکمل، 103 ہاسپٹلس مہربند

ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے معمولی خامیوں پر متعلقہ دواخانوں کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاہم ان دواخانوں کو خامیوں کی اصلاح کرنے کیلئے15 دنوں کی مہلت دی جانی چاہئے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں جاری سرکاری و خانگی ہاسپٹلوں کے معائنہ مہم کے حصہ کے طور پر محکمہ صحت وطبابت کے عہدیداروں نے اب تک2058 دواخانوں کا معائنہ کیا ہے اس دوران قواعد وقوانین کی خلاف ورزی پر 103 دواخانوں کو مہر بند کردیا ہے جبکہ633دواخانوں کو وجہ بتاؤ نوٹسیں جاری کی گئیں اور 75 ہاسپٹلوں پر جرمانہ عائد کئے گئے۔

 ضلع رنگاریڈی میں 325، ضلع کریم نگر میں 293، حیدرآباد میں 202، بھدرا دری کتہ گوڑم میں 144، اور ضلع وقارآباد میں 109 دواخانوں کا معائنہ کیا گیا۔ میدک اور نلگنڈہ اضلاع میں ہاسپٹلوں کا معائنہ نہیں کیا گیا۔ ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے معمولی خامیوں پر متعلقہ دواخانوں کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاہم ان دواخانوں کو خامیوں کی اصلاح کرنے کیلئے15 دنوں کی مہلت دی جانی چاہئے۔

 ا گر وہ اس عرصہ میں اپنی خامیوں کی اصلاح نہیں کریں گے تو پھر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ انہو ں نے غیر قانونی طور پر علاج کرنے پر شہری اور دیہی علاقوں کے آر ایم پی ڈاکٹروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا انتباہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ غلط دوائیں تجویز کرتے ہوئے چند آر ایم پی ڈاکٹرس، مریضوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ یہ چند ڈاکٹرس اسقاط حمل اور چند اقسام کی سرجریز انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ایسا کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہئے بصورت دیگر ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بے تحاشہ، زائد پاور والی اینٹی بائیوٹیکس تجویز کی جارہی ہیں۔ انہوں نے میڈیکل حکام سے اپیل کی کہ وہ بنیادی علاج تک محدود افراد کا علاج کریں۔ دریں اثنا آر ایم پیز یونین کے قائدین نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ سے ملاقات کی اور ان سے آر ایم پی ڈاکٹروں کو ہراساں نہ کرنے کی درخواست کی۔