ٹرمپ کی ریلی میں پھر سکیورٹی کی ناکامی، مشتبہ شخص میڈیا گیلری میں گھس گیا (ویڈیو)
امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی ریلی میں ایک بار پھر سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آ گیا جہاں ایک مشتبہ شخص میڈیا گیلری تک پہنچ گیا۔

واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی ریلی میں ایک بار پھر سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آ گیا جہاں ایک مشتبہ شخص میڈیا گیلری تک پہنچ گیا۔
کچھ عرصہ قبل امریکی ریاست پنسلوینیا کے علاقہ بٹلر میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک گولی ان کے کان کو چھوتے ہوئے گزر گئی تھی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا، حملہ آور کو پولیس عہدیداروں نے فوری طور پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔
اب ایک بار پھر امریکی ریاست پنسلوینیا کے جانس ٹاؤن میں ڈونالڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص تمام رکاوٹیں عبور کرتا ہوا میڈیا گیلری تک جا پہنچا جہاں پولیس عہدیداروں نے اسے دبوچ لیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق متعلقہ شخص سائیکل پر آیا تھا جو میڈیا رپورٹرز کے لیے بنائی گئی جگہ سے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا، وہاں موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور اسے حراست میں لے لیا۔
اس کے کچھ لمحے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کی ریلی میں موجود ایک اور شخص کو بھی سکیورٹی اداروں نے حراست میں لے لیا تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا دوسرے شخص کوکیوں حراست میں لیا گیا۔