حیدرآباد

جماعت اسلامی ملک پیٹ کے زیر اہتمام سیرت ایکسپو کا انعقاد: احمد بلعلہ و دیگر کا خطاب

نبی کریم ﷺ نے مختصر وقت میں انسانی تاریخ کا بے مثال انقلاب برپا کیا۔ ان کی حیات طیبہ میں امت مسلمہ کے لیے عزت اور سربلندی کا درس موجود ہے۔

حیدرآباد: نبی کریم ﷺ نے مختصر وقت میں انسانی تاریخ کا بے مثال انقلاب برپا کیا۔ ان کی حیات طیبہ میں امت مسلمہ کے لیے عزت اور سربلندی کا درس موجود ہے۔

متعلقہ خبریں
کتاب ’’جس دن چہرے روشن ہوں گے، جناب سید عبدالباسط انور۔۔ حیات و خدمات‘‘ کا رسم اجرا
حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے ہوٹلوں کو رات 11 بجے بند کروانے کی شکایت : احمد بلعلہ
جماعت اسلامی ہند چارمینار کی جانب سےدو روزہ روزگار میلہ

ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم حضور ﷺ کی کامل اطاعت و اتباع کا جذبہ پیدا کریں اور عملی میدان میں سرگرم رہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ کی جانب سے منعقدہ ‘سیرت ایکسپو’ کی افتتاحی تقریب سے کیا۔

اس تقریب میں محمد اظہر الدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ، احمد بن عبداللہ بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ اور ڈاکٹر مبشر احمد ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد نے خطاب کیا۔ محمد اظہر الدین نے بچوں اور خواتین کو سنت رسول کی پیروی کرنے، سلام میں پہل کرنے، غیبت سے بچنے اور وعدہ پورا کرنے کی تلقین کی۔

احمد بن عبداللہ بلعلہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں، فلمی ستاروں یا لیڈروں کا انداز اپنانے میں فخر محسوس کرتے ہیں، لیکن ہمارے اصل رول ماڈل حضرت محمد ﷺ ہیں اور ہمیں انہی کا طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر مبشر احمد نے زور دیا کہ ہم عملی میدان میں سرگرم رہ کر ہی اللہ کے رسول ﷺ سے محبت کا ثبوت دے سکتے ہیں، اور صحیح سمت میں کام کرنے کے لیے سیرت کا مطالعہ ضروری ہے۔

اس نمائش میں مختلف ماڈلز اور فلیکس چارٹس کے ذریعے نبی کریم ﷺ کے شب و روز کے معمولات اور اخلاقی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا۔ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی جانب سے "اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن” کے عنوان سے ایک الگ گوشہ ترتیب دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں، دستاویزی فلموں کی نمائش، بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں، برسرموقع کوئز اور انعامات، بک اسٹال اور فوڈ کورٹ بھی اس کا حصہ تھے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ملک پیٹ کے حدود میں واقع اسکولوں میں سیرت مقابلے منعقد کیے گئے تھے، جن میں 35 اسکولوں سے 6 ہزار طلبہ نے حصہ لیا اور 600 طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ نمائش کو دیکھنے کے لیے لوگوں نے اپنے خاندان کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کی۔

a3w
a3w