سہواگ‘ ٹیم انڈیا کے آئندہ چیف سلکٹر ہوسکتے ہیں
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں بتایاکہ یہ کمیٹی آف اڈمنسٹریٹرز کے دور میں ہی سہواگ کو ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دینے کو کہا گیا تھا جو بعد میں انیل کمبلے بن گئے۔

ممبئی: ہندوستانی ٹیم کو اس سال 2 بڑے ٹورنامنٹس میں حصہ لینا ہے جس میں ایک ایشیا کپ اور دوسرا آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ شامل ہے۔ ان دونوں ٹورنامنٹ میں سب کی نظریں ٹیم سلیکشن پر ہوں گی۔ چیتن شرما کے چیف سلکٹر کے عہدے سے اچانک استعفیٰ دینے کے بعد سلیکشن کمیٹی میں جگہ خالی ہے۔
اس وقت شیو سندر داس ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ اس دوران سابق ہندوستانی کھلاڑی ویریندر سہواگ کا نام بار بار خالی ہونے والی اس پوسٹ کے حوالے سے سامنے آرہا ہے۔ تاہم سلیکٹرز کو دی جانے والی تنخواہ ایک بڑا مسئلہ بتایا جاتا ہے۔
ایک زمانے میں ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری دلیپ وینگسارکر اور کرشنما چاری سریکانت کے پاس تھی۔ لیکن اب بڑے کھلاڑی واضح طورپر اس ذمہ داری کو نبھانے سے کترارہے ہیں۔
اس کے پیچھے سب کا ماننا ہے کہ سلیکٹر کے طورپر ملنے والی تنخواہ بہت کم ہے۔ اس وقت نارتھ زون سے ایک نام سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا جانا ہے۔ اس حوالے سے ویریندر سہواگ کا نام سامنے آرہا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں بتایاکہ یہ کمیٹی آف اڈمنسٹریٹرز کے دور میں ہی سہواگ کو ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دینے کو کہا گیا تھا جو بعد میں انیل کمبلے بن گئے۔
اس کے علاوہ ان جیسے بڑے کھلاڑی کو بھی اس کے قد کے حساب سے ادائیگی کرنی ہوگی۔ نارتھ زون سے کوئی ایک نام سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ اس کیلئے ویریندر سہواگ کے علاوہ بڑے بڑے نام نظر آرہے ہیں ۔
جن میں گوتم گمبھیر، یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ بھی اس میں شامل ہیں۔ لیکن یہ تینوں کھلاڑی ابھی تک اس عہدے کے اہل نہیں ہیں۔ کھلاڑی ریٹائرمنٹ کے 5 سال بعد ہی اس عہدے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس وقت اگر ہندوستانی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو ملنے والی تنخواہ پر نظر ڈالیں تو چیف سلیکٹر کو سالانہ ایک کروڑ روپے ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ سلیکشن کمیٹی کے دیگر تمام ارکان کو بی سی سی آئی کی جانب سے 90 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ کے طورپر دی جاتی ہے۔