مردم شماری 2027 کے لیے خود شماری کا عمل 26 اپریل سے شروع
ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس عمل میں ذات (کاسٹ) کی مردم شماری بھی شامل ہوگی جو اس بار کی مردم شماری کی ایک اہم اور منفرد خصوصیت ہے۔ ہولیکیری نے وضاحت کی کہ پہلی بار شہریوں کو خود شماری کا اختیار دیا جا رہا ہے
حیدرآباد: تلنگانہ کی مردم شماری آپریشنز کی ڈائریکٹر بھارتی ہولیکیری نے ہفتہ کے روز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ’مردم شماری 2027‘ کے لیے خود شماری کا عمل 26 اپریل سے شروع ہوگا اور 10 مئی تک جاری رہے گا۔
انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد یہ ریاست میں ہونے والی پہلی مردم شماری ہوگی۔ ساتھ ہی یہ پہلی بار ہوگا کہ پورا عمل ڈیجیٹل فارمیٹ میں انجام دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس عمل میں ذات (کاسٹ) کی مردم شماری بھی شامل ہوگی جو اس بار کی مردم شماری کی ایک اہم اور منفرد خصوصیت ہے۔ ہولیکیری نے وضاحت کی کہ پہلی بار شہریوں کو خود شماری کا اختیار دیا جا رہا ہے
جس کے تحت وہ آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی معلومات خود جمع کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سہولت اختیاری ہے اور عوام کی آسانی کے لیے فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تلنگانہ کے ہر گھر کو مردم شماری کے دائرے میں شامل کیا جائے گا جس میں اسپتالوں، اسکولوں، مندروں، جھونپڑیوں، کرایہ کی عمارتوں اور دیگر مقامات پر رہائش پذیر افراد بھی شامل ہوں گے۔
شمار کنندگان 11 مئی سے 9 جون تک ہاؤس لسٹنگ کا کام کریں گے جس کے تحت تمام عمارتوں اور رہائشی یونٹس کی نشاندہی اور گنتی کی جائے گی۔
مردم شماری کا دوسرا مرحلہ فروری 2027 میں شروع ہونے کا منصوبہ ہے جس دوران تفصیلی ذاتی معلومات جمع کی جائیں گی۔ محترمہ ہولیکیری نے کہا کہ آبادی کے مکمل احاطہ کو یقینی بنانے کے لیے گھروں کو بلاکس میں تقسیم کیا جائے گا اور اسی کے مطابق شمار کنندگان کی تعیناتی کی جائے گی۔