یمنا ایکسپریس وے : بس میں آگ لگنے سے 9 افراد زندہ جلے
اطلاعات کے مطابق حادثہ نصف شب کے قریب پیش آیا۔ بس نوئیڈا سے تقریباً 34 کلومیٹر کا سفر طے کرچکی تھی کہ اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ آگ لگنے کا پتہ چلتے ہی کچھ مسافر اپنی جان بچانے کے لیے چلتی بس سے کود گئے۔ تھوڑی ہی دیر میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کئی مسافر اندر پھنس گئے۔
گریٹر نوئیڈا: گریٹر نوئیڈا میں ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں بدھ کی دیر رات یمنا ایکسپریس وے پر جیور ہوائی اڈے کے قریب چلتی ہوئی نجی بس میں اچانک آگ لگنے سے 9 افراد زندہ جل گئے۔
حادثے میں کئی دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ نصف شب کے قریب پیش آیا۔ بس نوئیڈا سے تقریباً 34 کلومیٹر کا سفر طے کرچکی تھی کہ اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ آگ لگنے کا پتہ چلتے ہی کچھ مسافر اپنی جان بچانے کے لیے چلتی بس سے کود گئے۔ تھوڑی ہی دیر میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کئی مسافر اندر پھنس گئے۔
حادثے کا شکار بس میں 35 مسافر سوار تھے۔ کئی مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر اور بس سے کود کر اپنی جان بچائی۔
بس نوئیڈا سے مہوبا جارہی تھی۔ یہ راج کلپنا ٹریولس کی بس تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ تقریباً 45 منٹ میں آگ پر قابو پالیا گیا، لیکن اس وقت تک بس پوری طرح جل چکی تھی۔
حادثے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں بس کو آگ کے شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ اطلاع ملنے پر جیور کوتوالی پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
دریں اثنا، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گریٹر نوئیڈا میں پیش آئے سڑک حادثے کا نوٹس لیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے بات کی اور افسران کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔