تلنگانہ میں شدید سردی کی لہر مزید 10 دن تک برقرار رہنے کی توقع
محکمہ موسمیات کے حکام نے انتباہ دیا ہے کہ 7 سے 17 دسمبر تک سردی کی شدت زیادہ رہے گی۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ حکام نے بتایا ہے کہ حیدرآباد شہر میں بھی اتوار سے آئندہ 10 دنوں تک سردی محسوس ہوگی۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے، محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سردی کی لہر کا دوسرا مرحلہ مزید شدید ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے انتباہ دیا ہے کہ 7 سے 17 دسمبر تک سردی کی شدت زیادہ رہے گی۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ حکام نے بتایا ہے کہ حیدرآباد شہر میں بھی اتوار سے آئندہ 10 دنوں تک سردی محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی اضلاع میں درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے گرنے کا زیادہ امکان ہے۔ حیدرآباد شہر میں رات کا درجہ حرارت 5 سے 8 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ چیوڑلہ، معین آباد، راجندر نگر، شمس آباد میں 5 سے 8 ڈگری، جبکہ ایچ سی یو، سیری لنگم پلی، نانک رام گوڑا جیسے علاقوں میں رات کا درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوگا۔
ریاست کے شمالی اضلاع میں سردی کا اثر پہلے ہی بڑھ چکا ہے۔ کاماریڈی، راجنا سرسلہ،جگتیال، سدی پیٹ، پداپلی، میدک، کریم نگر اور منچریال اضلاع میں درجہ حرارت 13 سے 13.9 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے مہینے ریاست میں خشک موسم کی صورتحال برقرار رہے گی۔
تلنگانہ بھر میں آئندہ 10 دنوں تک سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ اتوار7 دسمبر سے 17 دسمبر تک سردی کی شدت کے باعث درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگی۔