بجلی کے تار سے چمٹے اپنے بھائی کو بچانے والی لکشمی قومی ایوارڈ کیلئے منتخب
بجلی کے تار سے چمٹے اپنے چھوٹے بھائی کو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بچانے والی 13 سالہ لکشمی یڈلیوار کو اس سال کا قومی بچہ بہادری ایوارڈ کا اعلان کیا گیا جو 26جنوری کو دیا جائے گا۔
ناندیڑ: بجلی کے تار سے چمٹے اپنے چھوٹے بھائی کو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بچانے والی 13 سالہ لکشمی یڈلیوار کو اس سال کا قومی بچہ بہادری ایوارڈ کا اعلان کیا گیا جو 26جنوری کو دیا جائے گا۔
بلولی تعلقہ کے تھڈی ساولی کی رہنے والی لکشمی یڈلیوار کے والدین کھیت مزدور ہیں۔
21ستمبر 2021 کی دوپہر لکشمی گھر میں پڑھ رہی تھی کہ اس کا 4 سالہ چھوٹا بھائی آدتیہ گھر کے پیچھے سے آرہا تھا،کٹے ہوئے برقی تار کی وجہ سے گھر کے ٹین شیڈ میں کرنٹ دوڑنے لگا، برقی تار کو آدتیہ نے چھولیا، بھائی کی چیخنے کی آواز سن کر لکشمی گھر سے باہر آئی۔
اپنے بھائی کو تارسے چمٹا دیکھ کر وہ ایک لمحے کے لیے بھی سوچے بغیر اس کی طرف بھاگی۔ اس نے اپنے بھائی کی قمیص پکڑی اور اسے ایک طرف کھینچ لیا۔ اس دوران بجلی کے تار سے وہ بھی چھوگئی اوراسے بجلی کا زوردار جھٹکا لگاجس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئی۔
کچھ دیر بعد گاؤں والوں کو اس کاعلم ہوا، انہوں نے ان دونوں کو فوری دواخانہ لے گئے۔ بروقت علاج سے دونوں کی جان بچا گئی۔
بھائی کی جان بچانے اپنی جان کو خطرہ میں ڈالنے والی لکشمی کی اس بہادری پر حکومت ہند نے اسے قومی بچہ بہادری ایوارڈ دینے کااعلان کی۔
یاد رہے کہ اردھاپور کے لڑکے اعجاز نداف کوبھی قومی بچہ بہادری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جس نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر پانی میں ڈوب رہے اپنے دوستوں کی جان بچائی تھی۔