حیدرآباد

شانتی کماری کے پاس خیرسگالی ملاقات کیلئے بھی وقت نہیں؟:گورنر

گورنر نےکہاکہ چیف سکریٹری کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد آپ نے راج بھون کا دورہ نہیں کیا اور آپ کا یہ رویہ غلط ہے‘ انہوں نے دبے دبے الفاظ میں کہاکہ گورنر سے ملاقات کے لئے کیا چیف سکریٹری کے پاس وقت نہیں ہے؟ کیا آپ کے پاس اتنے بھی اخلاق نہیں کہ کم از کم فون کرلیتے؟

حیدرآباد: معرض التواء بلز کو منظوری دینے کی گورنر کو ہدایات دینے کی التجا کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کے ایک دن بعد گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے ریاستی چیف سکریٹری شانتی کماری سے کہا کہ راج بھون‘ دہلی سے بہت زیادہ قریب ہے۔

متعلقہ خبریں
میٹروریل کے مسافرین کی تعداد کو دگنا کرنے کی ضرورت: کے ٹی آر
پرگتی بھون اور راج بھون میں اختلافات برقرار
کویتا، پیش نہیں ہورہی ہیں سپریم کورٹ میں ای ڈی کا انکشاف
رئیل اسٹیٹ ونچرکی آڑ میں چلکور کی قطب شاہی مسجد کو شہید کردیاگیا: حافظ پیر شبیر احمد
مسلمان شخص کی ہوٹل میں بین الاقوامی معیار کی صفائی، سپریم کورٹ میں مقدمہ کے دوران انکشاف

 گورنر نے شانتی کماری کو راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ چیف سکریٹری کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد آپ کو خیر سگالی ملاقات کے لئے راج بھون آنے کا وقت نہیں ملا۔ آپ کا یہ رویہ انتہائی غلط ہے۔ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری کو آڑے ہاتھوں لیا۔

 گذشتہ روز چیف سکریٹری شانتی کماری نے گورنر کی جانب سے التواء میں رکھے گئے 10 بلز کو منظوری دینے کی ہدایت جاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے  سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی جس کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور گورنرڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کے درمیان جاری اختلافات شدت اختیار کرگئے۔

 آج گورنر نے حکومت تلنگانہ پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے چیف سکریٹری شانتی کماری پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر شانتی کماری سے مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیاکہ محترمہ! دہلی سے حیدرآباد کا راج بھون کہیں زیادہ قریب ہے۔

چیف سکریٹری کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد آپ نے راج بھون کا دورہ نہیں کیا اور آپ کا یہ رویہ غلط ہے‘ انہوں نے  دبے دبے الفاظ میں کہاکہ گورنر سے ملاقات کے لئے کیا  چیف سکریٹری کے پاس وقت نہیں ہے؟ کیا آپ کے پاس اتنے بھی اخلاق نہیں کہ کم از کم فون کرلیتے؟ کیا پروٹوکول نام کی کوئی چیز ہے؟ کیا  طلب کرنے پر بھی  آپ راج بھون نہیں آئیں گی؟ میں آپ کو دوبارہ یاد دلانا چاہتی ہوں کہ دہلی سے کہیں زیادہ راج بھون آپ کے قریب ہے اور بات چیت کے ذریعہ ہی مسائل کا حل دریافت کیا جاسکتا ہے۔

 شانتی کماری نے چیف سکریٹری کی حیثیت سے 11  جنوری کو عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔ آئی اے این ایس کے مطابق حکومت تلنگانہ نے ملک کی سب سے بڑی عدالت میں ایس ایل پی (اسپیشل لیوپٹیشن) داخل کرتے ہوئے گورنر کی جانب سے بلز کو منظوری دینے میں تاخیر کے عمل کو غیرقانونی‘ بے قاعدگی اور غیرآئینی قرار دینے کی استدعا کی۔

 آئین کے  منڈیٹ کے مطابق گورنر کو بلز کو منظور کرنا ضروری ہوتا ہے‘ اگر بلز کی منظوری میں عدم فعالیت  ہوتویہ لاقانونیت کا باعث بنے گی۔ ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ میں داخل کردہ ایس ایل پی میں یہ بات کہی۔

حکومت نے کہاکہ گورنر کو بلز پر شکوک و شبہات ہوں تو وہ وضاحت طلب کرسکتی ہیں لیکن وہ بلز کو معرض التواء میں نہیں رکھ سکتی۔ اگر تمیلی سائی سوندرا راجن کو کوئی مسئلہ ہوتو حکومت اس کی وضاحت کرنے تیار ہے مگر وہ‘ بلز کو منظوری دینے میں تاخیر نہیں کرسکتیں۔

 آئین کا منڈیٹ حکومت کے ساتھ ہے۔ دوسرا موقعہ ہے کہ حکمران جماعت بی آر ایس نے گورنر کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ گزشتہ ماہ حکومت نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے گورنر کو  مالیاتی سال 2023  کے بجٹ کو منظوری دینے کی ہدایت دینے کی التجا کی تھی۔

a3w
a3w