میٹروریل کے مسافرین کی تعداد کو دگنا کرنے کی ضرورت: کے ٹی آر
ریاستی وزیر نے چیف سکریٹری شانتاکماری سے خواہش کی کہ وہ وقتاً فوقتاً رابط اجلاس کااہتمام کرتے ہوئے ایرپورٹ میٹرو پروجیکٹ کی انجام میں تیزی لانے کے لئے سہولتیں فراہم کریں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر بلدی نظم نسق وشہری ترقیات کے تارک راماراؤ نے کہاکہ مزید بوگیوں کو متعارف کراتے ہوئے‘ فیڈرخدمات اور فٹ پاتھ کو بہتر بتاتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کے موجودہ یومیہ مسافرین کی تعداد کو دگنا کیاجاسکتا ہے۔
آج کی تاریخ میں میٹرو ریل سے یومیہ 5لاکھ مسافرین سفر کررہے ہیں۔ ان کی تعدادمیں دگنااضافہ کیاجاسکتا ہے۔ کے ٹی آر نے جمعرات کے روز ایر پورٹ میٹرو اوردیگر میٹرو توسیع پروجیکٹس کا جائزہ اجلاس طلب کیاجس میں چیف سکریٹری اے شانتاکماری اوردیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤکے ویژن کو تفصیل سے پیش کیا اور کہاکہ چیف منسٹرکے سی آر‘عالمی معیار کے انفراسٹرکچر سہولتوں کے ساتھ حیدرآبادکو ایک پروقار گلوبل سٹی بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے ہجوم اور آلودگی کوختم کرنے‘ حیدرآباد کوعالمی سطح کے مسابقتی شہر میں تبدیل کرنے کے لئے عوامی حمل ونقل کی اہمیت پرزوردیا تاکہ بھاری سرمایہ کاری اورٹیالینٹ کوراغب کیا جاسکے۔
منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی کے تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پر کے ٹی آر نے متعلقہ محکموں و تنظیموں کوہدایت دی کہ وہ نشاندہی کردہ سرکاری اراضیات فوری طورپر حیدرآبادایر پورٹ میٹرو کے حوالے کردیں تاکہ استقدامی اثر کے ساتھ تعمیری سرگرمیوں کا آغاز کیا جاسکے۔
انہوں نے جی ایم آر ایرپورٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں پر زوردیا کہ وہ ایرپورٹ ایریا کی 48 ایکڑ اراضی فوری طورپر حوالے کردیں تاکہ میٹرو ریل ڈپو تعمیر کیاجاسکے۔
ریاستی وزیر نے چیف سکریٹری شانتاکماری سے خواہش کی کہ وہ وقتاً فوقتاً رابط اجلاس کااہتمام کرتے ہوئے ایرپورٹ میٹرو پروجیکٹ کی انجام میں تیزی لانے کے لئے سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے درخواست کی کہ وہ 9,100 کروڑ مالیاتی بی ایچ ای ایل۔لکڑی کاپل اور ناگول تاایل بی نگر (36 کیلومیٹر)پروجیکٹ کی منظوری کے لئے مرکزی حکومت کے متعلقہ سینئر عہدیداروں سے ربط قائم کریں۔
یہ پروجیکٹ‘مرکزی اورریاستی حکومتوں کا مشترکہ وینچر ہے۔ کے ٹی آر نے ایم ڈی‘این وی ایس ریڈی کوہدایت دی کہ وہ حالیہ کابینہ کے اجلاس میں منظورہ میٹروکی تمام نئی راہداریوں کا سروے شروع کریں اور پریلمنری پروجیکٹ رپورٹ / ڈیٹیل پروجیکٹ رپورٹ کوچندمہینوں میں تیار رکھیں تاکہ منظوری کے لئے ان رپورٹس کو مرکزی حکومت کے پاس روانہ کیاجاسکے۔
بی آرایس کے کارگزار صدر کے تارک راماراؤ نے اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ اور اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم نسق اروندکمار کو میٹرو کے نئے پروجیکٹس کے لئے فنڈس کے حصول کے لئے نئے اختیارات تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے حیدرآباد‘رنگاریڈی اور میڑچل ملکاجگری کے کلکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ اور مجوزہ میٹرو اسٹیشنوں کے پاس موجودہ سرکاری اراضی کے پارسلس کی نشاندہی کریں۔مستقبل میں ان اراضیات پر کارپارکنگ کامپلکس تعمیر کرسکتے ہیں۔
اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈراکبرالدین اویسی کے ساتھ علحدہ میٹنگ میں ریاستی وزیر کے تارک راماراؤ نے ایم ڈی میڑوریل کوہدایت دی کہ وہ پرانے شہر میں میٹروکاریڈورکے لئے حصول اراضیات کے عمل میں تیزی لائیں اور وہاں اس راہداری کے تعمیری کاموں کوشروع کریں۔انہوں نے این وی ایس ریڈی پر زوردیا کہ وہ فلک نما سے ایرپورٹ تک میٹرو لائن کی توسیع کے منصوبہ کوقطعیت دیں۔