’شیخ حسینہ چند دن دہلی میں ہی رہیں گی‘
بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ دہلی میں چند دن رہیں گی۔ ان کے بیٹے سجیب واجد نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ دہلی میں چند دن رہیں گی۔ ان کے بیٹے سجیب واجد نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔
76 سالہ عوامی لیگ قائد نے پیر کے دن نئی دہلی کے قریب ایک ایربیس میں لینڈنگ کی تھی جہاں سے انہیں دہلی میں ایک محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیا۔
ان کے ساتھ ان کی بہن شیخ ریحانہ بھی ہندوستان آئی ہوئی ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارہ کو انٹرویو میں شیخ حسینہ کے بیٹے سے پوچھا گیاکہ آیا ان کی ماں تیسرے ملک میں پناہ چاہتی ہیں۔
سجیب واجد نے کہا کہ یہ سب افواہیں ہیں‘ انہوں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وہ دہلی میں کچھ عرصہ رہیں گی۔ میری بہن ان کے ساتھ ہیں۔ وہ تنہا نہیں ہیں۔
شیخ حسینہ کی بیٹی صائمہ واجد ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کی ریجنل ڈائرکٹر فارساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجن ہیں جس کا ہیڈکوارٹرس نئی دہلی میں ہے۔
شیخ حسینہ کے برطانیہ روانگی کے منصوبہ میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔ برطانیہ نے انہیں پناہ دینے میں پس وپیش کا مظاہرہ کیا ہے۔ شیخ ریحانہ کی بیٹی ٹیولپ صدیق برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ہیں۔