تلنگانہ
بہن نے مردہ بھائی کی کلائی پر راکھی باندھی، تلنگانہ میں انوکھا واقعہ
ضلع کے دولی کٹہ گاؤں میں رہنے والے کنکیا نامی شخص کو کل شب دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔

حیدرآباد: راکھی تہوار سے ایک دن پہلے چل بسے مردہ بھائی کی کلائی پر بہن نے راکھی باندھی۔ یہ انوکھاواقعہ تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کے دولی کٹہ گاؤں میں رہنے والے کنکیا نامی شخص کو کل شب دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔
بھائی کی موت کی اطلاع پاکر بہن گورکا اپنے بھائی کے مکان پہنچی۔ وہ اپنے بھائی کی لاش پر گرکر زاروقطار رونے لگی۔ پھر اس نے اپنے مردہ بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھی اور کہا کہ وہ راکھی تہوار کا انتظار کررہی تھی۔
اس کے لئے اس نے راکھی بھی خریدی تھی۔ اس واقعہ کو دیکھ کر مقامی افراد بھی اشکبار ہوگئے اور ارکان خاندان کے ساتھ گاؤں کے لوگوں کے غم میں مزید اضافہ ہوگیا۔