تلنگانہ

امتحانات کے بعد طلبہ کی اصلاح کے لیے خصوصی تربیتی نشستوں کا انعقاد

تلنگانہ کے سرکاری، امدادی اور مسلمہ مدارس میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے لیے اکتوبر 2025 میں منعقد ہونے والے سمیٹیو اسیسمنٹ - I امتحانات بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو گئے۔ یہ امتحانات 24 اکتوبر سے شروع ہو کر 31 اکتوبر تک مسلسل اور منظم انداز میں منعقد ہوئے، جس میں طلبہ نے شاندار تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے سرکاری، امدادی اور مسلمہ مدارس میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے لیے اکتوبر 2025 میں منعقد ہونے والے سمیٹیو اسیسمنٹ – I امتحانات بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو گئے۔ یہ امتحانات 24 اکتوبر سے شروع ہو کر 31 اکتوبر تک مسلسل اور منظم انداز میں منعقد ہوئے، جس میں طلبہ نے شاندار تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

اس موقع پر چیئرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بتایا کہ امتحانات کا مقصد طلبہ کی تعلیمی استعداد، فہم و ادراک اور نصابی تربیت کی جانچ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے امتحانات نصابِ تعلیم کو مؤثر، منظم اور عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

طلبہ و طالبات نے نہ صرف تحریری پرچوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی بلکہ اردو، عربی، تلگو، انگریزی، ریاضی، سائنس اور سماجی علوم جیسے مضامین میں بھی نمایاں نتائج حاصل کیے۔ امتحانات کی نگرانی ضلع کے مہتمم تعلیمات، ماہر اساتذہ، مدرسین اور امتحانی کمیٹی نے کی، جنہوں نے امتحانی عمل کو شفاف، منصفانہ اور منظم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اختتامی نشست میں ماہرین تعلیم نے طلبہ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی۔ اساتذہ اور والدین کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عصری علوم اور مذہبی تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، اور مدارس کے طلبہ میں یہ صلاحیتیں روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

امتحانات کے بعد طلبہ کی کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں تاکہ طلبہ کی غلطیوں کی نشاندہی کی جا سکے اور عملی انداز میں اصلاح کی جا سکے۔ خاص طور پر جماعتِ ہشتم کے طلبہ کے لیے منعقدہ سیشن کی قیادت ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کی، جنہوں نے طلبہ کے حل کردہ سوالات کی تفصیلی جانچ کی اور ہر غلطی کی وضاحت کی۔

ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری نے طلبہ کو ہدایت کی کہ سوال کو حل کرنے سے پہلے اسے غور سے پڑھیں، سوال کے تمام جزو پر دھیان دیں، سوچ سمجھ کر جواب لکھیں اور جہاں ضروری ہو استاد سے وضاحت طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے نہ صرف غلطیوں میں کمی آئے گی بلکہ طلبہ کی مجموعی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔

پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے اپنے تاثرات بیان کیے کہ یہ تربیتی نشستیں انتہائی مفید رہیں، خاص طور پر عملی مثالوں کے ذریعے پیچیدہ مسائل آسان ہوگئے۔ منتظمین نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی ایسے عملی اصلاحی اجلاس وقتاً فوقتاً منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ ہر امتحان میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔