بریکنگ نیوز: تروپتی مندر کے احاطے میں بھگدڑ، 4 افراد کی موت، کئی زخمی (ویڈیو)
آندھرا پردیش کے تروپتی میں لارڈ وینکٹیشور مندر کے قریب درشن کے لیے ٹوکن جمع کرنے کے دوران بھگدڑ میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
تروپتی: آندھرا پردیش کے تروپتی میں لارڈ وینکٹیشور مندر کے قریب درشن کے لیے ٹوکن جمع کرنے کے دوران بھگدڑ میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ یہ واقعہ تروپتی کے وشنو نواس اور رامانائیڈو اسکول علاقے کے قریب پیش آیا۔
کئی شدید زخمیوں کو ہاسپٹل لے جایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بھگدڑ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ٹوکن لینے کے لیے جمع تھی۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے بھی تروپتی مندر کے احاطے میں بھگدڑ کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کے دفتر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کے علاج کے سلسلے میں حکام سے فون پر بات کی ہے۔ وزیر اعلیٰ ضلع اور ٹی ٹی ڈی حکام سے وقتاً فوقتاً موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ حکام کو موقع پر جانے کا حکم دیا ہے۔
جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں بھگدڑ جیسی صورتحال دیکھی جا سکتی ہے۔ واقعہ کے فوری بعد ایمبولینسز زخمیوں کو لے کر اسپتال پہنچ گئیں۔ ویڈیو میں کئی عقیدت مند زمین پر لیٹے بھی نظر آ رہے ہیں۔
پولیس والوں اور دیگر کو بھی اسے سی پی آر دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی کچھ عقیدت مندوں کو بھی کرسیوں پر بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا جا رہا ہے۔