اپوزیشن قائدین اور حکام سے گھر گھر سروے میں حصہ لینے ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی اپیل
اپنے ایک بیان میں پونم پربھاکر نے کہا کہ اگر کسی سیاسی قائد یا عوامی نمائندے نے اپنی مصروفیت کی وجہ سے معلومات فراہم نہیں کی ہیں تو وہ متعلقہ شمار کنندگان سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے سروے سے متعلق معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ وانچارج وزیر حیدرآباد پونم پر بھاکر نے سیاسی جماعتوں کے قائدین، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداوں سے گھر گھر جامع سروے میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گھر گھر جامع خاندانی سروے کا عمل جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں پونم پربھاکر نے کہا کہ اگر کسی سیاسی قائد یا عوامی نمائندے نے اپنی مصروفیت کی وجہ سے معلومات فراہم نہیں کی ہیں تو وہ متعلقہ شمار کنندگان سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے سروے سے متعلق معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سروے کروانے میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ ماضی میں جبکہ کے سی آر حکومت نے گھر گھر سروے کروایا تھا اس وقت بحیثیت اپوزیشن تمام کانگریس قائدین نے سروے میں حصہ لیا تھا۔
تمام سیاسی قائدین کو چاہئے کہ وہ ذات پات سے متعلق سروے میں تعاون کریں۔ حکومت کی طرف سے کئے گئے سروے میں اپوزیشن قائدین حصہ نہیں لیں گے تو یہ مناسب بات نہیں ہے۔