ریاست گیر بندھ، عثمانیہ یونیورسٹی کے تمام امتحانات ملتوی، نئی تاریخ بعد میں جاری ہوگی
یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخ اور ٹائم ٹیبل مناسب وقت پر علیحدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔
حیدرآباد: ریاست بھر میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے 24 جولائی کو تعلیمی اداروں کے بند (بندھ) کے اعلان کے پیشِ نظر عثمانیہ یونیورسٹی نے 24 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کنٹرولر آف ایگزامینیشنز کی جانب سے 23 جولائی 2026 کو جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، لیفٹ سے وابستہ طلبہ تنظیموں کی جانب سے ریاست بھر میں تعلیمی اداروں کے بند کی کال کے باعث یونیورسٹی کے مختلف فیکلٹیز کے تحت ہونے والے تمام امتحانات فی الحال مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخ اور ٹائم ٹیبل مناسب وقت پر علیحدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔

عثمانیہ یونیورسٹی نے تمام الحاق شدہ اور جزوی کالجوں کے پرنسپلز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، امتحانی مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹس اور تمام طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نئی تاریخوں کے لیے یونیورسٹی کی سرکاری اطلاع کا انتظار کریں۔